

کھاریاں(شاہد بیگ سے) کاغذ کی قیمت میں اضافے سے اخبارات مہنگے ہونے کا امکان ہے ۔ گجرات میں کاغذ کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد اخباری صنعت بھی متاثر ہونے لگی ہے، جس کے باعث اخبار کی قیمت بڑھنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تفصیل کے مطابق گجرات جی ٹی ایس چوک میں دو دہائیوں سے صحافت کی خدمت میں مصروف مقامی اخبار فروش سید افتحار حسین شاہ کاکہنا تھا کاغذ کی درآمدی لاگت میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی اس کی بڑی وجوہات ہیں۔
ناشرین کا کہنا ہے کہ پیداواری اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے موجودہ قیمتوں پر اخبار کی اشاعت مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں اخبارات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوگا۔ دوسری جانب شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں اخبار کی قیمت بڑھنے سے عام آدمی کے لیے معلومات تک رسائی مزید مشکل ہو جائے گی۔ سماجی رہنمارزاق ڈوگہ کا کہنا تھا حکومت کو چاہیے کہ کاغذ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ تعلیمی اور معلوماتی شعبہ مزید متاثر نہ ہو۔
