سکرنڈ(رپورٹ ولی محمد بھٹی)
ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآبادشہریارگل میمن نے آج تحصیل قاضی احمد اور سکرنڈ کے حدود سے گذرنے والے دریائے سندھ کے محراب پور،مڈ بند،لاکھاٹ بند سمیت مختلف بچاؤ بندوں کا تفصیلی دورہ کرکے پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مون سون کی امکانی بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ ہوسکتا ہے اس لئے ضلع کی حدود سے گذرنے والے دریائے سندھ کے حساس حفاظتی پشتوں کو مزید مظبوط کرنے کے ساتھ ساتھ حساس بندوں پر نگرانی کے لئے عملہ مقرر کیا جائے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ اور قاضی احمد کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی میں اضافے کے بعد کچے میں رہنے والے افراد کو پکے پر منتقل کرنے کے لئے اعلانات کئے جائیں اوران علاقوں میں بسنے والے افراد کی تفصیلات اکٹھی کرکے ڈی سی آفیس کو ارسال کی جائے ۔اس موقع پر ایکسین آبپاشی داد ڈویژن سلمان آفریدی نے لاکھاٹ بچاؤ بند پر ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع شہیدبینظیرآباد کی حدود میں دریائے سندھ سے اس وقت 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک پانی گذر رہا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ حفاظتی بندوں کی اسٹون پچنگ، عملے کی مقرری اور حساس مقامات پر چونکیاں قائم کرنے کے علاوہ دیگر ضروری انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سکرنڈ رمیز راجا، اسسٹنٹ کمشنر قاضی احمد چودہری ارسلان سمیت روینیو اور آبپاشی کے دیگر افسران موجود تھے۔