نوشہروفیروز ( رانا ندیم انجم )
ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد ارسلان سلیم نےآج مون سون 2024 کی تیاریوں کے سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ کے ساتھ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے تمام ممبران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اس سال ضلع نوشہروفیروز میں شدید بارشوں اور سیلاب کی پیش گئی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں کی صورت میں مطلوبہ انتظامات جلد مکمل کئے جائیں اور ایسے سرٹیفیکیٹ بھی جمع کرائے جائیں ۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ممکن بارشوں اور سیلاب کے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ آبپاشی کے ایسکین کو ہدایت کی کہ دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کے مرمتی کام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے انہوں نے بتایا کہ نوشہروفیروز ضلع میں بکھری اور کوڑی جا بھان کے مقامات حساس پوائنٹ ہیں وہاں مطلوبہ مشینری اور پتھر پہنچائی جائے۔ انہوں نے میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہروں سے برساتی نالوں اور نالیوں کی صفائی کا عمل مکمل کریں اور تمام ڈرینج اسکیموں پر قائم پمپنگ اسٹیشنوںکو فعال رکھیں۔انہوں نے کہا ممکنہ سیلاب کی صورت میں امدادی سامان کی فہرست تیار کی جائیں گی۔انہوں نے محکمہ صحت کے ضلعی آفیسر کو ہدایت کی کہ وہ ڈاکٹروں عملے ، ادویات ، ایمبولینس اور میڈیکل کیمپ کے انتظامات مکمل رکھیں۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کے افسران سیلاب اور برساتوں میں مطلوبہ ضروریات کی فہرست تحریری طور پر جمع کرائی جائے۔انہوں نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے افسران کو ہدایات کی کہ بارشوں اور سیلاب کی صورت میں ٹریفک کی روانی کے لئے پلان تیار رکھا جائے۔انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایت کی کہ حساس مقامات ریت کے تھیلوں کی وافر مقدار پہنچائی جائے۔انہوں نے سیپکو حکام کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال میں ڈیزل جنریٹر ناکافی ہوتے ہیں اس لئے سیلابی صورتحال کے دوران بجلی کی فراہمی کے بہتر انتظامات کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے برساتی نالوں سے ناجائز قبضے ختم کرانے کے لئے آپریشن کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیکورٹی کے بہتر انتظامات کریں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ پبلک ہیلتھ اور بلدیاتی اداروں کے نالوں اور ڈرینج ڈسپوزلس کی نگرانی کریں اور تعلقہ سطح پر امدادی کیمپ قائم کرنے کے لئے محکمہ تعلیم کے افسران سے مل کر لسٹ تیار کریں۔انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ شہروں سے نکاسی آب کے لئے ڈرینج ڈسپوزلس کی اسکیموں پر کام کو تیز کریں۔