بھاولپور (میاں میراحمدمستانہ سہروردی سے) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چشتیاں چوہدری محمد افضال فردوسی نے کہا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران پنجاب کے 12 اضلاع کے مخصوص سرکاری سکولوں میں برٹش کونسل کے تعاون سے فاؤنڈیشن آف لٹریسی اینڈ نمریسی منصوبہ کے تحت اول دوئم سوئم کے بچوں کو سمر کیمپوں کے دوران بین الاقوامی معیار کی مفت تعلیم دی جائے گی۔اس سلسلہ میں چشتیاں تحصیل کے 50بوائز اور79 گرلز سرکاری اسکولوں میں پچیس پچیس بچوں پر مشتمل کلاسوں میں دو دو ٹیچرزتعلیمی خدمات انجام دیں گے۔انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کو بتایا کہ اس بہترین اور تمام سہولتوں سے مزین منصوبہ کے تحت گریڈ 3کے بچوں کو بامعنی پڑھنے اور لکھنے کے قابل بنانا،گریڈ 2کے بچوں میں عدد اور اس سے متعلقہ تصورات سے متعلق بنیادی سمجھ اور قابلیت کو فروغ دینا،گریڈ 1کے بچوں میں بنیادی خواندگی اور اعداد کو بہتر طریقے سے حاصل کرنے کیلئے مہارت پیدا کرنا اور سکول سے باہر کے تجربات کو کلاس روم میں معلومات فراہم کرنا شامل ہے۔انہوں نے بتایا کہ مجوزہ تعلیمی منصوبہ میں ابتدائی گروپ میں اول کلاس،جبکہ انٹرمیڈیٹ گروپ میں دوئم سوئم کے بچے شامل ہونگے،کلاسز صبح 7بجے سے 9 بجے(دو گھنٹے)تک ہونگی اور تمام بچوں کو اعلی معیار کی کتابیں،تعلیمی کارڈ،پنسل مارکر ودیگر سامان مفت فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سمر کیمپوں کے دوران بچوں کو اعلی معیار کی تعلیم دینے سے والدین کے درمیان سرکاری سکولوں میں بچوں کو داخل کرنے کے رحجان میں بڑا اضافہ ہوگا۔