کوٹری کے کے رہائشی لیاقت قریشی نے کہا ہے کہ میری کو غلط انجکشن لگانے اور سول اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضہ کی دیکھ بھال نہ کرنے اور اس کی موت واقعہ ہونے کے ذمہ دار افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کررہے تھے۔ انہوں نے بتایاکہ 26ستمبر 2024ء کے روز میں اپنی بیوی کو ڈلیوری پروسس کے سلسلے میں پریٹ آباد میں لگائے گئے میڈیکل کیمپ لے کر گیا جہاں لیڈی ڈاکٹر نے انجیکشن لگا کر میری بیوی کویہ کہہ کر واپس کر دیا کہ پیٹ میں کچھ نقص ہے جس کے سبب ابھی ڈلیوری پڑوسس نہیں ہو سکتا جس کے بعد میں اپنی بیوی کو لے کر اپنے گھر خانپور کوٹری لے کر چلا گیا جہاں میری بیوی کی طبیعت مزید خراب ہو گئی جس پر میں تعلقہ اسپتال کوٹری لے کر گیا اور وہاں بھی ڈاکٹروں نے کوئی توجہ نہیں دی اور مجھے یہ کہہ کر واپس کر دیا کہ یہ کیس ہمارا نہیں ہے جس کے بعد میں اپنی بیوی کو سول ہسپتال حیدرآباد لے کر پہنچا جہاں بھی ڈاکٹروں نے ہمیں کافی پریشان کیا اور میری بیوی کو بیڈ تک نہیں دیا گیا جس کے بعد میں اپنی بیوی کو جامشور و ہسپتال لے کر گیا لیکن زیادہ وقت گزر جانے کے سبب میری بیوی فوت ہو گئی میری اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ ڈاکٹروں کے خلاف محکمہ جاتی کاروائی کر کے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔
حیدرآباد کے تحصیل لطیف آباد کے علاقہ منور آباد کے مکینوں نے گذشتہ شب بی سیکشن پولیس کی جانب سے گھر پر چھاپے اور رجب علی کھوکھر کو لاپتہ کرنے کے خلاف عارف علی کھوکھر اور مسماة گشن کھوکھرکر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تھانہ بی سیکشن کی حدود میں سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیس اہلکار رات کے وقت گھر کی دیوار پھلانگ کر چار اور چار دیوار کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے داخل ہوئے اور 55سالہ بیمار شخص رجب کھوکھر کو گرفتار کرکے لے گئے جبکہ پولیس اہلکار گھر میں موجود موٹر سائیکل بھی لے گئے مذکورہ موٹر سائیکل بی سیکشن تھانے میں موجود ہے لیکن پولیس رجب کھوکھر کے حوالے سے کچھ بتانے سے گریز کررہی ہے انہوںنے ڈی آئی جی اور ایس ایس پی حیدرآباد سے اپیل کی معاملے کا نوٹس لیکر رجب کو بازیاب کرائیں۔
فلسطین میں اسرائیل انسانیت سوز مظالم کی تمام تر حد پار کرچکا ہے وہ حماس کے ہاتھوں زمینی جنگ ہار چکا ہے اور اپنی شکست پر خفت مٹانے کے لیے نہتے شہریوں، عورتوں وبچوں، اسپتالوں، مساجد اور رفاعی و فلاحی پر آگ وبارودبرسا رہا ہے جس کی مذمت کے لیے پوری دنیا کے انسان دوست عوام سراپا احتجاج ہیں جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح حیدرآباد میں یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا جماعت اسلامی، اسلامی جمعیت طلبہ، جے آئی یوتھ، تنظیم اساتذہ، گسٹا اور دیگر انجمنوں وتعلیمی اداروں کی طرف سے دوپہر12 بجے شہر کی مختلف سڑکوں پر نکل احتجاج کیا گیا ان احتجاجی و یکجہتی کے اجتماعات سے سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالوحید قریشی، جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر عقیل احمد خان، عبدالقیوم حیدر، عدنان دانش، حیدرآباد پریس کلب کے سابق صدر محمد شاہد شیخ، باسط علی خان، ڈاکٹر سیف الرحمن، عرفان قائم خانی، آفاق نصر، ظہیر الدین شیخ، سہیل شارق, فتح محمد شورو،گسٹا کے محمود چوہان،تاجر رہنما طارق شیخ اور دیگر نے خطاب کیامقررین نے کہا کہ غزہ اور اس کے بعد لبنان میں اسرائیل نے بمباری شروع کردی ہے اس جہادِ عظیم میں حماس کے قائد اسمعٰیل ہانیہ حزب اللہ کے قائد حسن نصر اللہ سمیت ہزاروں افراد جام شہادت نوش کیا ہے ہم انہیں سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑک رہے ہیں لیکن بوجوہ ہم وہ کچھ نہیں کرپارہے ہیں جس کے فلسطینی مستحق ہیں تاہم اہل پاکستان مجبور ہیں بے حس نہیں ہیں ایمان کے دوسرے درجے پر سہی لیکن اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں فلسطین میں ہمارا قبلہ اول ہے مسجد اقصیٰ میں نبی صلعم نے انبیاء کی نماز کی امامت کی آج اسرائیل انبیاء کی سرزمین کو آگ وخون سے نہلارہا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم حکمراں اپنی بے حسی ختم کردیں اور اسرائیل کے خلاف مشترکہ دفاعی حکمتِ عملی اختیار کریں اور فلسطین کی عملی مدد کی جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، پی پی پی سندھ کے اطلاعات سیکریٹری سینیٹر عاجز دھامراہ ، رابطہ سیکریٹری سندھ نعمان شیخ کی زیرِ قیادت ٹھٹھہ ، سجاول اور مٹیاری اضلاع کے پی پی پی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 18 اکتوبر،شہداسانحہ کارساز کی برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام کو کامیاب بنانے کے لیے تیاریوں اور زمہ داری کا تعین کیا گیا۔ اس موقع پر مذکورہ اضلاع کے پی ایس او کے صدور کو زمہ داری سونپی گئی گے وہ اپنی کمیٹیوں کے اجلاس طلب کریں، ذیلی ونگس کو متحرک بنائیں اور کارکنان اور جیالوں کو جلسہ عام میں بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کی ترغیب دیں۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر کو حیدرآباد میں عوام کا سمندر یہ پیغام دے گا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے شہیدوں کو ہمشہ یاد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہد ذولفقار علی بھٹو ، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سانحہ کارساز کے شہدا کا مشن پر گامزن ہے اور ہمشہ عوام کے فلاحی کاموں کو ترجیح دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر شہداکارساز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت حیدرآباد میں یہ عظیم الشان تاریخی جلسہ منعقد کیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بلا رنگ و نسل کے تفریق کے بغیر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ، یہ ہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک گلدستے کے مانند ہے جس میں تمام زبانیں بولنے والے لوگ شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کا جلسہ تاریخ کے بڑے جلسوں میں سے ایک ہوگا جو حیدرآباد میں تاریخ رقم کرے گا۔
گورنمنٹ کالج یونیو رسٹی حیدرآباد میں اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی کے تحت ہفتہ انسدادِ منشیات مہم منایا جارہا ہے۔ مہم کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کیا۔ افتتاحی تقریب تاریخی اسمبلی ہال کے سامنے منعقد ہوئی۔ منشیات کی روک تھام اور شعور و آگہی کے لیے طلبہ نے پوسٹرز تیار کر رکھے تھے جن پر مختلف نشہ آور اشیاء اور ان کے استعمال سے پہنچنے والے نقصانات کی تصویر کشی کی گئی تھی۔ طلبہ نے اس حوالے سے وائس چانسلر، اساتذہ، عملے اور طلبہ کو بریف کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے مہم اور طلبہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی وجہ سے پورے پورے معاشرے تباہ و برباد ہوجاتے ہیں۔ ہر قسم کا نشہ خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا نقصان دہ ہے۔ نشے سے پہلے فرد تباہ ہوتا ہے، پھر خاندان متاثر ہوتے ہیں خاندانوں سے یہ سلسلہ پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ اس ناسور کے خاتمے کے لیے انفرادی اور اجتماعی دونوں سطح پر بھرپور کوشش کرنا چاہیے۔ انھوں نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ منشیات کے خلاف ہمارے سفیر ہیں۔ جس طرح آپ نے اپنے آپ کو اس لعنت سے محفوظ کیا ہوا ہے اسی طرح اپنے اردگرد ماحول کو اس گندگی سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کونسلنگ کریں۔ غیر نصابی سرگرمیاں بالخصوص کھیل کود میں بھرپور حصہ لیں۔ جی سی یونیورسٹی حیدرآباد میں تمام سہولیات موجود ہیں ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی کے کنویئر پروفیسر ڈاکٹر مخدوم محمد روشن صدیقی، کمیٹی اراکین، سینیئر پروفیسرز، صدور شعبہ جات اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
پنیاری پولیس کی کارروائی, بھاری مقدار میں تیار شدہ مین پوری کی سپلائی ناکام، 2 سپلائرز گرفتارایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ علی کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے حیدرآباد پولیس کا منشیات، مین پوری و انڈین گٹکا سپلائر اور دیگر سماجی برائیوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈان جاری تھانہ پنیاریایس ایچ او انسپیکٹر لیاقت علی کی اپنے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی پنیاری پولیس کی خفیہ انفارمیشن پر مہران گرانڈ کے قریب کارروائی بھاری مقدار میں تیار شدہ مین پوری کی سپلائی ناکام بنادی گئی، سپلائرز احسان ملاح اور عرفان قریشی گرفتار گرفتار ملزمان تھانہ حدود سے مختلف کٹوں میں تیار شدہ مین پوری سپلائی دینے کیلئے جارہے تھے گرفتار ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے پنیاری پولیس نے بھاری مقدار میں برآمد تیار شدہ مین پوری پولیس تحویل میں لیکر گٹکا و مین پوری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا مزید کارروائیوں کا سلسلہ جاری ۔
ضلع سانگھڑ کے جام نواز علی تعلقہ کی 4 یونین کونسلوں منصورہ، بھرو، نئوں آباد اور ٹیلہ شاہ میں 2022 کے سیلاب متاثر 4 ہزار غریب خاندانوں میں سیفکو کی جانب سے سوئز سولیڈار اور سوئز سولیڈرٹی کے تعاون سے 26 ہزار 750 روپے فی خاندان کے حساب سے امدادی رقوم کی فراہمی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ رقوم کی تقسیم کے پہلے مرحلے میں گزشتہ روز گاں علی محمد خاصخیلی میں ایک مرکز قائم کیا گیا جہاں ایچ بی ایل کنیکٹ نے سیلاب سے متاثرہ خاندان کی ہر خاتون سربراہ کو قومی شناختی کارڈ کی بنیاد پر سافکو سے موصول شدہ ٹوکنز پر بائیو میٹرک کے ذریعے رقم فراہم کی۔ اس موقع پر سافکو کے بانی و سربراہ سلیمان جی ابڑو بھی موجود تھے جنہوں نے امداد کی تقسیم کے عمل کی شفافیت کا جائزہ لیا۔ سلیمان جی ابڑو کا کہنا تھا کہ ہمیں سیلاب زدگان کے دکھوں کا احساس ہے، ہماری کوشش ہے کہ جتنا ہمارے بس میں ہے ان کے تکالیف کو ختم کریں، جبکہ انہیں بھی اپنے پاں پر کھڑا ہونے کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔ امداد وصول کرنے والی سیلاب سے متاثرہ خواتین سے خطاب کرتے ہوئے سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ آپ اس رقم میں سیضروری گھریلو سامان خریدنے کے علاوہ سے کچھ رقم بچا سکتے ہیں تاکہ وہ مشکل وقت میں کام آ سکے۔ اس موقع پر پراجیکٹ منیجر شفیق چانڈیو نے بتایا کہ باقی ماندہ سیلاب متاثر خاندانوں کو بھی نومبر تک اس منصوبے کے تحت امداد دی جائے گی۔ اس موقع پر سوئز سولیڈار سے تعلق رکھنے والے غلام رضا، سافکو ٹیم کی اقرا شعیب، ابصار ابڑو اور دیگر بھی موجود تھے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام حیدرآباد میں 11 اکتوبر کو منعقدہ یوتھ کنونشن کے حوالے سے سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچارج سلیم راز ق جوائنٹ انچارجز محمد علی شاہ، شبیر انصاری اراکین کمیٹی عبد الرئوف مغل اور اصغر کامریڈ نے ایم کیوایم حیدرآ باد ڈسٹرکٹ کمیٹی کے ہمراہ مختلف ٹاؤنز میں نوجوانوں کے اجلاس میں شرکت کی اور انہیں یوتھ کنونشن کی اہمیت وافادیت سے آگہی فراہم کی۔اس موقع پر سندھ تنظیمی کمیٹی کا انچارج سلیم راز ق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی معیار بہتر سے بہتر بنانا اور دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرناایم کیو ایم پاکستان کی بنیادی پالیسی ہے،انہوں نے کہاکہ حیدر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کا منعقدہ یوتھ کنونشن نوجوان طبقے کی زندگیوں کودورجدید کے مطابق بنانے اور معاشی انقلاب لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ سندھ تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج محمد علی شاہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں رائج فرسودہ نظام حکمرانی نے ملک کے نوجوانوں کو مجبور کردیا ہے کہ وہ اپنے وطن کو خیرباد کہے کہ دیار غیر میں آباد ہوجائے مگر ایم کیو ایم پاکستان انکا ہنرمند اور اعلی تعلیم سے ہمکنار کرکے اپنا کے درمیان رہنے اور باروزگار بننے کیلئے کوشاں ہے۔سندھ تنظیمی کمیٹی کے جوائنٹ انچارج شبیر انصاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم سے آراستہ قومیں ہی اپنے ملک اور قوم کو بحرانوں سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کا یوتھ کنونشن نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر خوشحالی وترقی کی راہ پر گامزن کریگا۔رکن سندھ تنظیمی کمیٹی عبد الرئوف مغل نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم کوٹہ سسٹم،فردسوہ نظام تعلیم کی ہرمحاذ پر مخالفت کرتی آرہی ہے اور آگے بھی اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھے گی۔رکن سندھ تنظیمی کمیٹی اصغر کامریڈ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام حیدر آباد میں 11اکتوبر کو منعقدہ یوتھ کنونشن فرسود نظام حکمرانی وتعلیم کیلئے ایک ریفرنڈم ثابت ہوگااور ایم کیو ایم پاکستان کی جدوجہد یقینا کامیاب ہوگی۔
بلڈر مافیا کا کمرشل پروجیکٹس میں ناقص میٹریل کا استعمال کرنے سے پنجرہ پول چوک پر واقع بھیڑہ منزل کی چھتیں گرنے لگی ہیں جس کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی بڑا جانی نقصان ہو سکتا ہے لیکن اس جانب متعلقہ ادارے کوئی توجہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔یہ بات بھیڑہ منزل کے دوکانداروں اور مکینوں نے ہیومن رائیٹس گروپ آف سندھ کے مرکزی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ ندیم اقبال شیخ کودورے کے موقع پر بتا ئی ۔ دکانداروں نے مزید بتایا کہ ہم بھیڑہ منزل کی یونین کمیٹی سمیت متعلقہ ادارے کو بار بار شکایت کر چکے ہیں لیکن وہ ہماری شکایت کو سننے کیلئے تیار نہیں ہیں جس پر ہم احتجاج کرتے ہیں یا باربار شکایت کرتے ہیں تو پلازہ کی یونین کمیٹی کے اراکین ہمیں شدید نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔اس موقع پر ندیم اقبال شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ میرے دورے کے دوران یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ پلازہ کی چھتوں اور چھجوں کا پلاستر بہت زیادہ گر چکا ہے جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے اور اس طرح کے واقعات ماضی میں پہلے بھی ہو چکے ہیں جس سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ کئی خاندان اجڑچکے ہیں لیکن اسکے باوجود اب بھی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پھر کسی بڑے سانحے کا انتظار کر رہی ہے جو کہ قابل افسوس عمل ہے ۔ندیم اقبال شیخ نے مزید کہا کہ اگرپلازہ گرنے سے قیمتی جانیں ضائع ہوئیں تو یہ ذمہ دار ادارے یہ صرف تعزیتی بیان جاری کر کے جعلی انکوائری کمیٹیاں بنا کر ذمہ دراروں کے خلاف ایکشن لینے کے صرف جھوٹے بیانات جاری کر کے بلڈر سے بھاری رشوت لیکر اس معاملے کو دبا دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اگر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآبادنے بلڈر اور اس پلازہ کی انتظامیہ کے خلاف کو ئی کاروائی نہیں کی توپھرسندھ ہیومن رائیٹس گروپ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے خلاف کورٹ سے رجوع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے ۔
پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی نائب صدر محمد خالد قادری نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ حکومت عوام پر ظلم بند کرے۔نیپرا اور اوگرا فکیس چارجز فی الفور ختم کرے اور جو جبرا وصول کی گئی ہے وہ کسٹمرز کو واپس کیے جائیں۔سپریم کورٹ چیف جسٹس عوام کے ساتھ کی جانیوالی زیادتیوں کا نوٹس لیں اربوں روپیہ بلا جواز عوام سے وصول کیا جارہاہے عوام ٹیکسز بھی ادا کر رہی ہے اور پھر ان سے جبرا وصولی بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک تو پہلے ہی حکومت نے گیس اور بجلی کی قیمتوں میں ہو شر یا اضافہ کیا ہوا ہے مزید فکس چارجز عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہے روزانہ ملک کے مختلف شہروں میں غریب اور مجبور لوگ خودکشی کر رہے ہیں اپنے بچوں کو قتل کر رہے ہیں جبکہ ہزاروں خاندان فاقہ کشی کا شکار ہیں۔حکومت عوام کو بنیادی سہولتیں دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔نت نئے ٹیکسز نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے حکومت سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے اور کہتی ہے مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔ان سے پوچھا جائے آپ کب بازار سے خریداری کرکے آئے ہو۔محمد خالد قادری صدر اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ آپکی دونوں جماعتیں ملک میں نمائندگی اور بڑی ہونے کی دعویدار ہیں تو اس ملک کی غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنا بھی آپ کی ذمہ داری ہے لہٰذا بجلی،گیس بلز ٹرانسپورٹ کرایوں اور روزمرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنایا جائے۔
گورنمنٹ کالج یونیو رسٹی حیدرآباد میں اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی کے تحت ہفتہ انسدادِ منشیات مہم منایا جارہا ہے اور مہم کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کیا جبکہ افتتاحی تقریب تاریخی اسمبلی ہال کے سامنے منعقد ہوئی، منشیات کی روک تھام اور شعور و آگہی کے لیے طلبہ نے پوسٹرز تیار کر رکھے تھے جن پر مختلف نشہ آور اشیاء اور ان کے استعمال سے پہنچنے والے نقصانات کی تصویر کشی کی گئی تھی۔ طلبہ نے اس حوالے سے وائس چانسلر، اساتذہ، عملے اور طلبہ کو بریف کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے مہم اور طلبہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی وجہ سے پورے پورے معاشرے تباہ و برباد ہوجاتے ہیں،ہر قسم کا نشہ خواہ وہ چھوٹا ہو یا بڑا نقصان دہ ہے، نشے سے پہلے فرد تباہ ہوتا ہے، پھر خاندان متاثر ہوتے ہیں خاندانوں سے یہ سلسلہ پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے، اس ناسور کے خاتمے کے لیے انفرادی اور اجتماعی دونوں سطح پر بھرپور کوشش کرنا چاہیے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ منشیات کے خلاف ہمارے سفیر ہیں جس طرح آپ نے اپنے آپ کو اس لعنت سے محفوظ کیا ہوا ہے اسی طرح اپنے اردگرد ماحول کو اس گندگی سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کونسلنگ کریں، غیر نصابی سرگرمیاں بالخصوص کھیل کود میں بھرپور حصہ لیںاور جی سی یونیورسٹی حیدرآباد میں تمام سہولیات موجود ہیں ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی کے کنویئر پروفیسر ڈاکٹر مخدوم محمد روشن صدیقی، کمیٹی اراکین، سینئر پروفیسرز، صدور شعبہ جات اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
صہیونیوں نے گزشتہ ایک برس کے دوران غزہ پرمسلسل وحشیانہ بمباری کرکے اپنا حقیقی شیطانی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ اسرائیلی درندگی کے خلاف مسلم ممالک کا عملی اقدام نہ کرنا انتہائی شرم ناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں بتائے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق اسرائیل نے 7اکتوبر 2023 کے بعد سے غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری کر کے 42,000 سے زائد مسلمانوں کو شہیدکر دیا ہے، جن میں اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے۔ ایک لاکھ کے قریب شدید زخمی ہیں۔ غزہ میں بڑے پیمانے پر گھر، مساجد، ہسپتال، سکول اور پناہ گزین کیمپ تباہ کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث 85% کے قریب آبادی کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ بنیادی ضروریاتِ زندگی کی شدید قلت ہے۔ لیکن ان انتہائی دگرگوں حالات کے باوجود غزہ کے مجاہدین اور غیور مسلمانوں نے صہیونیوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر مسلمانوں کی عظمتِ رفتہ کی یاد تازہ کر دی ہے۔ تحریکِ مزاحمت کے قائدین ہوں یا غزہ میں بسنے والے عام مسلمان، سب نے طاغوت کے سامنے جھکنے سے انکار کر دیا ہے اور مسجدِ اقصی کی حفاظت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل جس کو امریکہ، مغربی یورپ کے اکثر ممالک اور بھارت کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے نہ صرف غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی پر تلا ہوا ہے بلکہ لبنان اور یمن پر اس کے حملوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ جنگ کو پھیلانا چاہتا ہے۔ اپنے گریٹر اسرائیل کے ناپاک منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے دنیا کو ایک بڑی جنگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ امیر تنظیم نے کہا کہ گزشتہ ایک برس کے حالات و واقعات نے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ اقوامِ متحدہ سمیت تمام عالمی اور علاقائی ادارے اپنی رہی سہی ساکھ اور افادیت بھی مکمل طور پر کھو چکے ہیں۔ مسلمان ممالک کو سمجھ لینا چاہیے کہ مسلمانوں کے حقوق اور آزادی کی کوئی عالمی ادارہ حفاظت نہیں کرے گا بلکہ انہیں خود متحد ہو کر ظالم کا ہاتھ روکنا اور مظلوم کی مدد کرنا ہوگی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنی غلطیوں کا ادراک کرتے ہوئے صحیح معنوں میں توبہ کریں۔ اللہ سے رجوع کریں اور متحد ہو کر اسرائیل سمیت تمام طاغوتی قوتوں کے خلاف عملی اقدامات کریں تاکہ دنیا میں بھی عزت و وقار بحال ہو اور اخروی کامیابی بھی حاصل ہو سکے۔