کراچی (پ ر) پاکستان کنزرویٹو پارٹی کی 12ویں یوم تاسیس کی تقریب۔9 مئی واقعے کی شدید مذمت، پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعلان ایم کیو ایم کے سینیئر رہنما سلمان مجاہد بلوچ کی خصوصی شرکت۔
ایم کیو ایم اور پی سی پی کا آئندہ ساتھ مل کر
چلنے پر اتفاق پاکستان کنزرویٹو پارٹی کی 12ویں یوم تاسیس مرکزی سیکرٹریٹ میں بھرپور انداز میں منائی گئی۔ تقریب میں ایم کیو ایم کے رہنما سابق ایم این اے سلمان مجاہد بلوچ، علماء مشائخ کے سربراہ صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔جہاں چیئرمین پاکستان کنزرویٹو پارٹی دانش چنہ، رہنما ایم کیو ایم سلمان مجاہد بلوچ سمیت دیگر مہمانوں اور پارٹی کے قائدین نے خطاب کیا اور پارٹی کا کیک کاٹا۔اس موقع پر دانش چنہ نے نو مئی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اور پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا پاک فوج ملک کا عظیم سرمایہ ہے، ملک میں افرا تفری فسادات اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی اور کریک ڈاؤن کیا جائے۔ مظفرآباد میں مہنگائی کے خلاف حالیہ پرتشدد احتجاج و واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، اور حکومت پاکستان سے فوری حالات پر قابو پانے اور پرامن طریقے سے نمٹنے کا مطالبہ کیا گیا۔ پاکستانی حکمرانوں اور آئی ایم ایف پروگرام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا، IMF ریلیف نہیں تکلیف دے رہی ہے۔ اس سے مہنگائی میں کمی نہیں اضافہ ہوگا۔
ملک کے تمام مسائل اور بحرانوں کا حل آئی ایم ایف کے پاس نہیں بلکہ نظام مصطفی میں ہے۔ پاکستانی قوم کا خوشحال مستقبل اتباع رسول سے ہی ممکن ہے۔ جس کے لیے ہم ملک بھر میں پاکستان کنزرویٹو پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر متحرک اور فعال کر رہے ہیں۔ استحکام پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ بین المسالک و بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی برقرار رکھی جائے تقریب کے اختتام پر دانش چنہ نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ملک و قوم کے لیے خصوصی دعائیں اور پارٹی کی کامیابی کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔