کراچی ( رپورٹ محمد حسین سومرو ) فرینڈز پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن(رجسٹرڈ) کے وفد نےچیئرمین جہانزیب حسین کی سربراہی میں ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے سیکریٹری نوید احمد اور کنٹرولر ظہیر الدین بھٹو سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی ۔ ملاقات میں اسکولز اور طلباء وطالبات کو درپیش مسائل پر گفتگو ہوئی۔ وفد نے کنٹرولر ظہیر الدین بھٹو کو کنٹرولر کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ جبکہ سیکریٹری نوید احمد کو اپنی زمہ داری احسن طریقے سے نبھانے اور اسکولز کے مسائل کا حل نکالنے کی کوششوں کو سراہا ۔ ایک سوال کے جواب میں بورڈ کے کنٹرولر ظہیر الدین بھٹو کا کہنا تھا کہ مجھے آئے ہوئے ابھی چند ماہ ہی ہوئے ہیں اور اس بورڈ میں طلباء وطالبات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔اس وجہ سے یہاں مسائل کے انبار ہیں ۔ اسے ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ بورڈ کے تمام سسٹم کو آن لائن کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ کنٹرولر ظہیر الدین بھٹو نے اقرار کیا کہ بورڈ میں اس وقت بھی کرپشن ہے ۔ یہاں ڈیڑھ لاکھ بچے امتحانات میں شرکت کرتے ہیں جبکہ انرولمنٹ ایک لاکھ بیس ہزار کا ہوتا ہے ۔ دوسری جانب سیکریٹری بورڈ نوید احمد نے وفد کی جانب سےاسکولز کے مسائل سنے ۔ کچھ آئی ٹی ایشوز پر انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اسے حل کرنے کے حکم جاری کیے۔ جبکہ انرولمنٹ اور امتحانی فارم بغیر لیٹ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں مذید اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ سیکریٹری بورڈ نے یہ بات بھی واضح کی کہ سال 2025 میں منعقدہ امتحان عید الفطر کے فوری بعد یعنی اپریل کے ابتداء میں منعقد ہوں گے۔ سیکریٹری بورڈ نے تمام اسکولز کو یہ ہدایت بھی کی کہ طلباء وطالبات کی تیاری اپریل سے پہلے پہلے مکمل کروائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صرف اس سال ہم نے انرولمنٹ اور امتحانی فارم کی تاریخ ایک ساتھ دی ہے اس کی وجہ مارچ و اپریل میں ممکنہ منعقدہ امتحان ہے ۔ آئندہ سال طلباء وطالبات کو ایسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
