
ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوام الناس کو معیاری اور مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاءکی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف متحرک ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو کی زیرصدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل ظہیر الدین بابر سمیت تمام ضلعی پرائس مجسٹریٹس اجلاس میں شریک تھے۔ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خاور حفیظ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی رواں ماہ کے پہلے ہفتے کی کارکردگی بارے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرائس مجسٹریٹس کی جانب سے ماہ نومبر کے پہلے ہفتے میں 07 ہزار 500 مقامات کو چیک کیا۔ دوران انسپکشن 352 افراد خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جن کو 10 لاکھ 19 ہزار 500 سو روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔روٹی و نان کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لینے کے لیے 116 مقامات کو چیک کیا گیا ، خلاف ورزی پر 03 لاکھ 19 ہزار روپے کے جرمانے کیے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو نے ضلعی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر 35 مقامات کی کڑی چیکنگ یقینی بنائیں اور ماہانہ ٹارگٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروائیاں عمل میں لائیں ، چیکنگ مکمل نہ کرنے والے افسران اپنا قبلہ درست کریں اور اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز پرائس چیکنگ کے لیے خود بھی فیلڈ میں نکلیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ڈی سی کاونٹرز اور تمام دوکانوں پر شہریوں کی سہولت کے لئے ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کروائیں اور انتظامی افسران مہنگی اشیاءفروخت کرنے اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچائیں، گراں فروشی پر سخت ایکشن لیتے ہوئے موثر کاروائیاں جاری رکھیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے لئے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ، ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب سبزی و فروٹ منڈیوں میں رسد و طلب کے عمل کی سخت مانیٹرنگ کو مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔