
ڈیرہ غازیخان (رانا فیصل سے):ڈیرہ غازیخان کے سخی سرور کوئٹہ روڈ پر ٹریفک حادثہ، پنجاب ایمرجنسی سروسز ریسکیو 1122 و دیگر ادارے متحرک،متوفی وزخمی افراد ٹراما سنٹر علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازیخان منتقل کر دیئے گئے۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ٹراما سنٹر میں زخمیوں کی عیادت کی اور ٹرک،سکول ہائی ایس حادثہ بارے معلومات لیں۔ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن عامر کو زخمیوں کے بہترین علاج و معالجہ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،انہوں نے زخمیوں کو سپیشلسٹ و کنسلٹینٹ ڈاکٹروں سے چیک کرانے کا بھی حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ زخمی سکول ٹیچرز کی طبی امداد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے،متوفیوں اور زخمیوں کے لواحقین سے مکمل تعاون اور انہیں تمام تر صورتحال سے باخبر بھی رکھا جائے، ڈپٹی کمشنر وزٹ کے دوران ایم ایس ڈاکٹر عبدالرحمن،ڈی ایس پی عرفان احمد سمیت متعلقہ افسران ہمراہ تھے۔