
سکرنڈ(رپورٹ ولی محمد بھٹی)
سندھ ترقی پسند پارٹی کے مرکزی وائس چیئرمین نثار احمد کیریو نے سکرنڈ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چولستان کی آباد کاری سے سندھ تباہی سے دوچار ہوگا۔ اگر وفاق نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو سندھ کا ہر فرد سراپا احتجاج بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد سندھ کا ہر دن دردناک اور پریشانیوں میں گزرا ہے۔ سندھ میں صحت تعلیم تباہ ، امن و امان تباہ اور کرپٹ کلچر سانپ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے 6 کروڑ لوگ سندھ کے پانی پر رہتے اور جیتے ہیں اگر پانی روکا گیا تو سندھ 6 کروڑ لوگوں کی اجتماعی قبر بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی تھل کینال اور چولستان کینال کے خلاف قرارداد پیش کرے اور اسمبلیوں میں بیٹھے نمائندے اس کے خلاف بات کریں۔ نثار کیریو نے کہا کہ سندھ کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے دریا کی حفاظت کرے۔ نہر اور زمینیں بچانے کے لیے نکلیں کیونکہ میر پیر وڈیرے سب پرامن ہیں، انہیں گھر بیٹھے انکا حصہ مل رہا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے دریائے سندھ پر 6 نہروں کی تعمیر کے خلاف سکھر بائی پاس پر تاریخی دھرنا دیا، جس میں پورے ملک کی ٹریفک کو مکمل طور پر روک دیا گیا، اور اب 20 نومبر کو سکرنڈ کے قریب چوتھا میل اسٹاپ بائی پاس پر دھرنا دے کر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا اس موقع پر باغی رفیق ملاح، حاکم انڑ، بوڈھل مگسی، حسین بخش کیریو، گل انقلابی محمد سلیم مگسی، راشد ملاح اختر مگسی اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ .