
سانگھڑڈسٹرکٹ رپوٹر محمد وقار بھٹی۔
سانگھڑ کے ضلعی الیکشن کمشنر محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق آئین نے دیا ہے۔ اگر وہ یہ حق استعمال نہیں کرتا تو وہ آئینی حق سے محروم رہ جاتا ہے۔ آج اپنے دفتر میں ووٹرز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد سرور نے کہا کہ ہر ووٹر کو حکومت مکمل سہولت فراہم کر رہی ہے، جب کہ پہلے صرف سرکاری ملازمین کو پوسٹ کے ذریعے ووٹ دینے کا حق حاصل تھا، لیکن اب معذور افراد اور قیدیوں کو بھی پوسٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے کا حق مل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ووٹر کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ ہونا چاہیے تاکہ وہ ووٹ کے ذریعے بہتر امیدواروں کو منتخب کرے اور اپنے لیے بہتر مستقبل کا انتخاب کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی کمیشن ہر انتخابات سے پہلے نئی ووٹر فہرستیں تیار کرتا ہے، اس لیے سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ نئی فہرستیں حاصل کریں اور ووٹروں کو بہتر سہولتیں فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹروں کی سہولت کے لیے الیکشن کمیشن نادرا کے ساتھ مل کر شناختی کارڈز جاری کرنے کے حوالے سے بھی کام کر رہا ہے۔ اجلاس میں ہندو کونسل کے رہنما راجیش کمار ہرداسانی، ڈی سی آفس کے نمائندے صابر حسین مہر، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات ظفر علی منگی، الیکشن کمشنر محمد عمیر، صائمہ ستار، اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا رضا علی مری سمیت دیگر نے شرکت کی۔