ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ کی گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں اور بازاروں میں پرائس چیکنگ کو یقینی بنا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کے حوالے سے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ ہر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو ایک علاقہ دے رہے ہیں اس علاقہ میں پرائس کنٹرول ایکٹ کی خلاف ورزی پر متعلقہ مجسٹریٹ براہ راست ذمہ دار ہوگا۔مجسٹریٹ کی بجائے ماتحت عملہ سے کارروائی کرائے جانے پر سخت کارروائی کریں گے صرف پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ہی دکانوں کی انسپکشن اور کارروائی کرے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع ننکانہ صاحب کے عوام کو معاشی ریلیف دلانے کیلئے مارکیٹوں کے معائنے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کارکردگی بہتر نہ کرنے والے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو کارکردگی بہتر کرنے کےلئے وارننگ دی جا رہی ہیں جبکہ تسلی بخش کارکردگی نہ ہونے پر افسران کی خدمات واپس کر دی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پرائس کنٹرول پر فوکس ہے روزانہ کی بنیاد پر مجسٹریٹ کی انفرادی کارکردگی مانیٹر کی جارہی ہے۔ضلع کی ہر دکان کی جیو ٹیگنگ کی جارہی ہے۔ڈیجیٹل نظام کے تحت ہر دکان اور مجسٹریٹ کی انسپکشن کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔پرائس کنٹرول ایکٹ کی مسلسل خلاف ورزی پر جرمانوں کی بجائے کاروباری مراکز سیل اور گرفتاریاں ہوںگی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ غذائی اشیاءکے ساتھ کھاد کی قیمتوں پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں پھل اور سبزی کی ہر نیلامی کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ماہ ستمبر کی کارکردگی بارے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے گزشتہ ماہ کے دوران 38 ہزار 04 سو 07 مقامات کو چیک کیا ، خلاف ورزی کے مرتکب 1496 افراد کو 34 لاکھ 46 ہزار 5 سو روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں جبکہ 03 افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے گے ہیں۔
ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ ) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن بارے اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ایس ای واپڈا محمد ارسلان اشرف ، ایکیسنز واپڈا ، اسسٹنٹ کمشنر وجہیہ ثمرین ، سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ ، سی او ایم سی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوران آپریشن جہاں ضرورت ہو صرف اسی بازار کی بجلی بند کی جائے ، بلاوجہ شہریوں کو تنگ نہ کیا جائے ، دوران آپریشن شہر بھر کی بجلی بند کرنے سے گریز کیا جائے۔انہوں نے آپریشن میں باہمی کوارڈینیشن کو یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی اوز واپڈا کو فوکل پرسن مقرر کر دیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کی تمام شاہرات اور سروسز روڑز پر ٹرانسفارمرز کو فی الفور ہٹانے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور ضلع بھر میں ٹرانسفارمر کے نیچے تجاوزات کو ترجیحی بنیادوں پر ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹانے کا مقصد لوگوں کی گزرگاہوں کو کھولنا ہے اور شہریوں کو ہر ممکن آسانی فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تجاوزات ہٹنے سے شہروں کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئی ہے ، دوکاندار اور ریڑھی بان لگائے گئے نشانات سے تجاوز نہ کریں ، انتظامیہ کا سخت ردعمل ہو گا۔