ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب عوام الناس کو معیاری اور مقررہ کردہ نرخوں پر اشیاءکی دستیابی یقینی بنانے میں پیش ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خاور حفیظ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پرائس مجسٹریٹس کی جانب سے رواں ماہ کے دوران 20 ہزار 02 سو سے زائد مقامات کو چیک کیا گیا ، دوران چیکنگ 1205 خلاف ورزیاں پائی گئی ، اشیاءخوردونوش کی مہنگے داموں فروختگی اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے والوں کو 25 لاکھ 91 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ وارننگ نوٹس کے باوجود خلاف ورزی کرنے پر 02 دوکانداروں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس انسپکشن کے عمل کو بڑھائیں اور خلاف ورزی کرنے والے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچائیں ، روٹی نان کے وزن، کوالٹی اور قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تمام پرائس مجسٹریٹس ضلع بھر میں گراں فروشوںاور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں جاری رکھیں۔بعد ازاں ڈی سی ننکانہ نے کم انسپکشنز کرنے والے متعدد پرائس مجسٹریٹس کو وارننگ کے نوٹس بھی جاری کیے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام افسران اگلے اجلاس تک انسپکشنز مکمل کر لیں ، کم انسپکشنز اور سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو سرنڈر کر دیا جائے گا۔
