ڈیرہ غازیخان (رانا فیصل سے):ڈسٹرکٹ ویلفیئر ری ہیبلی ٹیشن یونٹ ڈیرہ غازیخان کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قدسیہ ناز کی زیرصدارت کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔سرکاری و نجی اداروں میں سپیشل افراد کی ملازمتوں کے تین فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کرانے، کرایوں میں رعایت،ہمت کارڈ ہولڈرز کیلئے سہولیات،سپیشل افراد کی سکلز ٹریننگ بارے اہم فیصلے کیے گئے۔اے ڈی سی جی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل افراد ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں،ملازمتوں میں انکے مختص تین فیصد کوٹہ پر عمل کیا جائے،تمام محکمے اس بارے میں اپنی رپورٹس اور ڈیٹا فراہم کریں،سپیشل افراد کیلئے سفری کارڈز کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔ترجیحی بنیادوں پر سپیشل افراد کو گھروں کے نزدیک تعینات کیا جائے، انہوں نے کہا حکومت پنجاب کے احکامات پر تمام محکمے اقدامات یقینی بنانے کے پابند ہیں،ٹیوٹا اداروں میں سپیشل افراد کیلئے تربیتی کورسز کا اجرا کیا جائے،محکمہ سپورٹس کھیلوں کے انتظامات کرے،جن اداروں نے سپیشل افراد کو تنخواہیں نہیں دیں وہ انکی وجوہات سے آگاہ کریں۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ذکاء الدین نے یونٹ کی پراگریس بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔اجلاس میں ایکسیئن شہزاد سمیع،،ڈی او انڈسٹریز اصغر صدیقی،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ آصف جتوئی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر محمد صادق،انفارمیشن آفیسر خالد رسول سمیت دیگر افسران اور سپیشل پرسنز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی
