ڈیرہ غازی خان (رانا فیصل سے)ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے دئیے گئے اہداف مقررہ مدت میں مکمل کرنے والے ڈی جی خان ڈویژن کے کالج سربراہان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مہمانان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ محمد اجمل چانڈیہ، ایم پی اے محمد حنیف پتافی،مہمان اعزاز ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ایچ ای ڈی جنوبی پنجاب عطاء الحق اور ڈائریکٹر کالجز پروفیسر وسیم اختر نے اہداف حاصل کرنے والے کالجز کے پرنسپلز کو تعریفی شیلڈز اور اسناد پیش کیں۔سوفیصد اہداف حاصل کرنے والے کالجز کو اعزایہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
پارلیمانی سیکرٹری ایچ ای ڈی محمد اجمل چانڈیہ نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد سربراہان کالجز کی حوصلہ افزائی ہے۔حکومت پنجاب نے 40 ہزار طلباء کو لیپ ٹاپ دینے اور بی ایس پروگرام کے 30 ہزار طلباء کو تعلیمی وظائف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایم پی اے محمد حنیف پتافی نے کہا کہ کالجز میں داخلوں کی شرح بڑھانے سے ہر بچہ کو اپنی پسند کا مضمون پڑھنے کا موقع ملا ہے۔کالجز میں آئی ٹی کی کلاسز شروع کرنا دور حاضر کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کا تعلیم،صحت اور میونسپل سروسز کی بہتری پر فوکس ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے 71 کالجز میں سے 23 کالجز نے 100 فیصد اہداف حاصل کئے جن میں 17 خواتین کالجز شامل ہیں۔
ڈائریکٹر کالجز پروفیسر وسیم اختر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن کے کالجز میں جنوبی پنجاب سے زیادہ داخلے ہوئے۔80 فیصد کالجز نے اپنے ٹارگٹ مقررہ مدت میں حاصل کئے۔
پرنسپلز ادارہ فریدہ ناہید نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔
تقریب میں پرنسپلز نے کالجز میں داخلہ بڑھانے اور معیار تعلیم کےلئے تجاویز بھی دیں۔تقریب میں ڈویژن بھر سے اساتذہ،گرلز گائیڈ اور دیگر افسران شریک تھے ۔