ننکانہ صاحب ( ندیم احمد )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پٹرول پمپس اور رائس ملز کے لیے برق رفتاری اور شفافیت سے این او سی کا اجراءحکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے پٹرول پمپس این او سی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنر ، ریسکیو 1122 ، ماحولیات ، ایکسین ہائی وے ، ڈی ایس پی ٹریفک سمیت دیگر کمیٹی ممبران بھی موجود تھے۔این او سی منظوری کمیٹی کو مجموعی طور 06 کیسز پیش کیے گئے ، کمیٹی نے 02 کیسز کے این او سی جاری کرنے اور 04 کے کاغذات نامکمل ہونے پر درخواست گزار کو نوٹس دینے اور متعلقہ افسران کو سائٹس وزٹ کرنے کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پٹرول پمپس کمیٹی اور ماحولیاتی منظوری کمیٹی کے اجلاس کے بعد درخواست گزاروں کو فوری فائنل این او سیز جاری کر دیے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ون ونڈو سسٹم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت ہرکیس کو حکومتی ایس او پیز کے مطابق ایک ماہ کے اندر نمٹا دیا جاتاہے۔ حکومت پنجاب کے اس انقلابی اقدام سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور نجی سیکٹر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات این او سی اپلائی کرنے والے افراد کو نوٹس جاری کریں اور کاغذات جلد از جلد مکمل کروا کر این او سیز جاری کریں۔انہوں نے متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ این او سی کے لیے آنے والی درخواست کے فوری بعد سائٹ وزٹ کو یقینی بنائیں۔