ڈیرہ غازی خان (رانا فیصل سے )ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کے وفد نے امن کے قیام کےلئے ڈویژنل سطح کے دورے شروع کردئیے ہیں۔چیئرمین ورلڈ پیس جرگہ پروگرام رعایت اللہ(خان بابا) کی زیر قیادت وفد نے ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیا۔کنٹری ہیڈ ڈبلیو پی جے پی سعدیہ خان(خان بی بی) اور مختلف اضلاع کے نمائندے شامل تھے۔کمشنر آفس ڈی جی خان میں امن سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ایڈیشنل کمشنرز طاہر امین،سید نوید عالم،ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد،تاجر برادری،این جی اوز،صحافی،وکلاء اور دیگر شعبہ زندگی سے متعلق رکھنے والے نمائندے موجود تھے۔ڈی جی خان ڈویژن کے دیگر ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افراد نے ویڈیو لنک کے ذریعے جرگہ سیمینار میں شرکت کی۔
ایڈیشنل کمشنر ریونیو طاہر امین نے کہا کہ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام میں شمولیت کےلئے اضلاع میں 15،15 نمائندوں کی فہرست پیش کریں۔
چیئرمین ورلڈ پیس جرگہ پروگرام رعایت اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کا مقصد ملکی اداروں کے نفرت ختم کرنا ہے۔سوات آپریشن کے دوران جرگہ پروگرام شروع کیا گیا۔ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کمیونٹی اور افواج پاکستان کے ساتھ ملکر تعلیم،صحت،زراعت کے ساتھ دیگر شعبوں کی بہتری کےلئے کام کررہا ہے۔عوام کے ساتھ ملکر ملک میں اتحاد،یگانگت کی فضا قائم کریں گے۔ملک کے مسائل کا حل قومی اتحاد میں مضمر ہے۔
کنٹری ہیڈ ورلڈ پیس جرگہ پروگرام سعدیہ خان نے کہا کہ ملک کی حفاظت ملکر کرنی ہے۔ملک کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ورلڈ پیس جرگہ پروگرام کے وفد میں شامل اراکین نے ملک کی تعمیر وترقی کےلئے ملکر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر جرگہ پروگرام کے اغراض و مقاصد سے متعلق ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔