منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد ) اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کی زیر صدارت اور محکمہ بہبود آبادی کے زیر اہتمام مقامی میرج ہال میں ضلع بھر کے صحافیوں و کالم نگاروں کے ہمراہ چیف منسٹر پاپولیشن مینجمنٹ اور فیملی پلاننگ پروگرام کے حوالے سے آگاہی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمن، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر ٹیکنیکل ڈاکٹر عائمہ سمیت ضلع بھر کے صحافیوں اور کالم نگاروں نے بھرپور شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کا محکمہ بہبود آبادی کے کرسٹل میرج ہال و مارکی و ریسٹورنٹ میں میڈیا نمائندگان میں فیملی پلاننگ آگاہی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے۔ پونے چار کروڑ آبادی والا ملک اب تقریبا 23 کروڑ آبادی تک پہنچ گیا ہے اور اگر آبادی کے مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو 2047 تک ملک کی آبادی پچاس کروڑ ہو جائے گی، جس سے ملک میں غربت، بے روزگاری اور افلاس بڑھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے کے دوران حکومت نے صحت اور تعلیم کی سہولتوں میں بے پناہ اضافہ کیا لیکن مطلوبہ نتائج نہیں مل سکے، جس کی وجہ شرح آبادی میں بے تحاشہ اضافہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میڈیا ملک کا چوتھا ستون ہے اور میڈیا نمائندگان کو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا کے ذریعے اجاگر کر کے عوام تک شعور و آگاہی پہنچانی چاہیٸے۔ مڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر عتیق الرحمن نے بتایا کہ محکمہ بہبود آبادی کے زیر انتظام ضلع کی تینوں تحصیلوں میں فیملی ہیلتھ کلینکس قاٸم کیے گئے ہیں اور ان فیملی ہیلتھ کلینکس پر محکمہ کی طرف سے تعینات لیڈی ڈاکٹرز نہ صرف خاندانی منصوبہ بندی کے مفت مشورے فراہم کرتی ہیں بلکہ زنانہ مانع حمل آپریشن بھی سرانجام دیتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر میڈیا نمائندگان میں حوصلہ افزائی کیلئے شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔