صنعتکاروں کے خلاف غیر ضروری ایف آئی آرز کا سلسلہ بند کیا جائے، صنعتی سرگرمیوں کو تحفظ دیا جائے: زبیر احمد گھانگرا
حیدرآباد ( ) حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین جناب زبیر احمد گھانگرا صاحب سینیئر وائس چیئرمین جناب عامر شہاب صاحب اور وائس چیئرمین جناب ایسر کمار صاحب نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ صنعتکاروں اور فیکٹری مالکان کے خلاف معمولی نوعیت کی قانونی یا انتظامی معاملات پر فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کا سلسلہ تشویشناک ہے۔ صنعتکار پہلے ہی بجلی، پانی، گیس، انفرااسٹرکچر، مہنگائی اور دیگر مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے حالات میں انہیں مزید قانونی کارروائیوں میں الجھانا صنعتی سرگرمیوں کے لیے نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی فیکٹری یا صنعتی یونٹ سے متعلق بےضابطگیاں سامنے آتی ہیں۔ تو متعلقہ ادارے کو چاہیے کہ پہلے قانون کے مطابق نوٹس جاری کرے، صنعتکار کا مؤقف سنے اور مسئلے کو قانون کے مطابق حل کرنے کی کوشش کرے۔ ایف آئی آر درج کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے اس قسم کی کاروائی کے لیے مجسٹریٹ کی موجودگی ضروری تھی لیکن اب گریڈ 7 سے لے کر 16 سرکاری اداروں کے اہلکار بھی فیکٹری مالکان کو کسی خاطر میں نہیں لاتے اب ایسا لگتا ہے کہ ہم صنعتکار ان کے غلام ہو گئے ہیں ہر حکومتی اہلکار یہ سمجھتا ہے کہ ہم ہر قسم کی روک تھام سےمبرا ہیں ۔ ایسا لگتا ہے کہ حکومت نے اداروں کو اہلکاروں کے ٹھیکے پر دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی شعبے کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری بڑھانے کی بات کرتی ہے، لیکن دوسری جانب اگر صنعتکاروں کو غیر ضروری مقدمات اور کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا تو صنعتی ماحول متاثر ہو گا۔ چیئرمین زبیر احمد گھانگرا نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہےکہ صنعتکاروں کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے غیر ضروری ایف آئی آرز کے سلسلے کا جائزہ لیا جائے اور صنعتی یونٹس کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ صنعتیں فعال رہیں روزگار کے مواقع برقرار رہیں اور معیشت کا پہیہ مسلسل چلتا رہے۔
Posted inکراچی