*جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے روح پرور موقع پر حیدرآباد رینج میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلیے گئے، ڈپٹی انسپکٹر جنرل طارق رزاق خان دھاریجو حیدرآبادرینج نےتمام اضلاع کے ایس ایس پیز کو سیکیورٹی پلان پر مؤثر اور جامع عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردیں۔*
ڈی آئی جی پی طارق رزاق خان دھاریجو نے رینج کے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں منعقد ہونے والے جلوسوں، ریلیوں، محافلِ میلاد، مساجد اور دیگر مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں، انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس، مساجد، اہم مذہبی مقامات اور حساس پوائنٹس پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے، داخلی و خارجی راستوں کی مؤثر نگرانی، سرچنگ اور مشکوک افراد و اشیاء پر کڑی نظر رکھی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی جامع ٹریفک پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ڈی آئی جی پی نے ایس ایس پیز پر زور دیا کہ علماء کرام، منتظمینِ جلوس اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے باہمی مشاورت سے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ پولیس افسران و جوان انتہائی الرٹ رہتے ہوئے فرائض انجام دیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کا عظیم مظہر ہے، اس موقع پر امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ سیکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔