ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ) سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن ریٹائرڈ سہیل اشرف گورائیہ کا ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ننکانہ صاحب کا دورہ ، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو سمیت دیگر افسران نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن ریٹائرڈ سہیل اشرف گورائیہ کا استقبال کیا۔سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن ریٹائرڈ سہیل اشرف گورائیہ نے رورل ہیلتھ سنٹر بچیکی ، دیہی مرکز صحت کھیاڑے کلاں کی ری ویمپنگ کا جائزہ لیا۔انہوں نے بچیکی موڑ کھنڈا روڑ کی بحالی سمیت برخوردار تا ننکانہ روڑ کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور ترقیاتی منصوبوں میں استعمال ہونے والے میٹریل کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو و دیگر افسران نے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کو جاری اور مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ سہیل اشرف گورائیہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی احکامات پر ضلع ننکانہ صاحب میں اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں ، تمام منصوبے عوامی فلاح کے منصوبے ہیں جن کے ثمرات جلد عوام الناس تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ضلع ننکانہ صاحب کی تعمیر و ترقی وزیر اعلی پنجاب کی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل تمام اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ، ضلعی سربراہان ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور پائیداری پر کڑی نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام الناس کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات دن رات جاری رکھے ہوئے ہے۔سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کیپٹن ریٹائرڈ سہیل اشرف گورائیہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف تمام ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا خود جائزہ لے رہی ہیں۔دوران وزٹ ڈی سی ننکانہ محمد تسلیم اختر راو ، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف ، ایکسین ہائی وے ، ایکسین بلڈنگ سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔