کراچی : رپورٹ محمد حسین سومرو : ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی سٹی اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران کراچی میں اسٹریٹ کرائم، ٹریفک، انکروچمنٹ، اور دیگر جرائم پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پولیس چیف کی جانب سے جرائم کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور ان کی کوششوں سے جرائم میں نمایاں کمی کو سراہا گیا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور تاجر برادری کے اعتماد کو پولیس کی کامیابی کی بنیاد قرار دیا۔
پولیس چیف نے مزید کہا کہ بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے ڈی آئی جی ایڈمن کو فوکل پرسن مقرر کیا۔
پولیس چیف نے مزید کہا کہ کراچی میں سیف سٹی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کے تحت سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد میں اضافے سے جرائم پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کیمروں کی مدد سے ملزمان تک رسائی آسان اور موثر ہو گئی ہے۔
ٹریفک نظام کی بہتری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ تجربہ کار افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم اس مسئلے پر کام کر رہی ہے، اور جلد ہی اس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے اسٹریٹ کرائم، ہوائی فائرنگ، اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھانے پر بھی روشنی ڈالی۔ بچوں کی گمشدگی اور اغوا کے مقدمات کے سلسلے میں پولیس ٹیم جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کام کر رہی ہے تاکہ ایسے واقعات کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ عوام کے تعاون سے جرائم کے مکمل خاتمے کی امید ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پولیس اور کمیونٹی کا مشترکہ کردار ضروری ہے۔
چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے پولیس ریفارمز میں مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اجلاس کے اختتام پر کراچی چیمبر آف کامرس کے عہدیداران نے ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر پولیس افسران کو شیلڈز اور تحائف پیش کیے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔