ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے محافظ خانے کا اچانک دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت ، سب ڈویڑنل انفورسمنٹ آفیسر تحریم رانا ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف سمیت دیگر افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے محافظ خانے میں ریونیو ریکارڈز کو محفوظ بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ریونیو ریکارڈز کی نئی جلدیں کروانے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جائیدادوں کے ریکارڈ کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے ، ضلع کے 99 فیصد موضع جات کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر لیا گیا ہے۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے پلس پراجیکٹ کے تحت ریونیو ریکارڈز کو جدید طریقہ کار سے محفوظ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے ضلعی دفتر کے قیام کے لیے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے ضلعی دفتر کی جگہ کو فائنل کر لیا گیا ، پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے دفتر کی نئی بلڈنگ کے تعمیراتی کام کا آغاز جلد کر دیا جائے گا۔