ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے رات گئے ریلوے اسٹیشن پر فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راﺅ ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ، اسسٹنٹ کمشنر سمیت تمام ضلعی اداروں کے سربراہان موجود تھے۔ فرضی مشقوں میں ریسکیو 1122 ، پولیس ، سول ڈیفنس سمیت تمام ضلعی اداروں نے حصہ لیا۔فرضی مشقوں کے دوران ہنگامی صورتحال کا سائرن بجتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، ریسکیو 1122 نے دو منٹ میں ریسپاننڈ کیا جبکہ دیگر ادارے پانچ منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچے۔موک ایکسرسائز کے دوران حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شفٹ کیا گیا جبکہ بلڈنگ میں پھنسے لوگوں کو نکالنے ، شہریوں کو چھتوں سے اتارنے اور آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرضی مشقوں کا مقصد تمام اداروں کی کارکردگی جانچنا اور آپسی کوارڈینیشن کا جائزہ لینا ہے ، موجودہ ملکی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کی تیاریاں مکمل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا بھر پور جواب دینے کے لیے پاک افواج اور دیگر ادارے ہمہ وقت تیار ہیں ، اعادہ کرتے ہیں ملک پاکستان کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج کے ساتھ ملکر ملک کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے۔موک ایکسرسائز کے اختتام پر پنڈال پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ڈپٹی کمشنر نے موک ایکسرسائز میں حصہ لینے اور بروقت ریسپانڈد کرنے پر تمام اداروں کے افسران و ملازمین کو شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں عیادت کی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے طبی عملے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔