ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ ) اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب عطیہ عنائیت نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے سلسلہ میں گورنمنٹ گورونانک ہائی سکول میں قائم امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے امتحانی عمل ، طلباءکو فراہم کی جانے والی سہولیات اور امتحانی نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی کمروں کا معائنہ کیا اور طلباءسے امتحانی پیپر کے حوالے سے استفسار بھی کیا۔ انہوں نے امتحانی مرکز میں فرنیچر ، روشنی ، پنکھوں ، پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ وہ شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کی نقل یا بے ضابطگی کو ہر صورت روکا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی مراکز میں کسی قسم کی بے قاعدگی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طلباءہمارا مستقبل ہیں اور انہیں ایک صاف اور پر امن امتحانی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی مرکز کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تمام امتحانی مراکز میں اسی طرح کے نظم و ضبط اور سہولیات کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلباءکو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت نے واربرٹن کا دورہ کرکے میونسپل کمیٹی کے افسران و عملے کی حاضری کو چیک کیا۔انہوں نے قبرستان ، پارک اور بس اسٹینڈ کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سمیت صفائی ستھرائی کا جائزہ بھی لیا۔