حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد کی قدیم و معروف ترین درسگاہ گورنمنٹ (ن)علامہ اقبال ہائی اسکول لطیف آباد یونٹ نمبر 9کے تین اساتذہ سید علی نقی المعروف ظہیر عباس،محمد شفیع اور رشید افضل کی ریٹائرمنٹ پر اسکول ہذ ا میں ان کے اعزاز میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت اسکول کے انچارج ہیڈ ماسٹر عاطف قریشی نے کی جبکہ مہمان خصوصی گسٹا ضلع حیدرآباد کے سابق صدر اور گرٹا سندھ کے موجودہ صدر ضمیر خان اور مہمان اعزازی روزنامہ جرأت کے ریاست علی ناغڑ تھے تقریب کا آغاز اسکول ہذا کے ریٹائرڈ مدرس اور گسٹا ضلع حیدرآباد کے سابق خازن حافظ شاکر خان کی تلاوت کلام پاک سے ہوا نعتیہ اشعار کمپیئر ذیشان خان نے پیش کئے جبکہ عبد الرحمن مینٹور نے بھی نعتیہ اشعار کے علاوہ اساتذہ کی شان میں ایک نظم پیش کی اس موقع پر تینوں اساتذہ کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں تعریفی شیلڈ پیش کرنے کے علاوہ لونگیاں،اجرک گلدستے اور پھولوں کی مالائوں کے علاوہ دیگر تحائف بھی پیش کئے گئے تحائف پیش کرنے والوں میں اسکول کے ہیڈ ماسٹر عاطف قریشی،گرٹا کے صدر ضمیر خان اور جرأت کے ریاست ناغڑ کے علاوہ اسکول کے اساتذہ ،عبد العزیز سومرو،منصور جمالی،محمد علی آغا،عطاالرحمن،صفدر زیدی،محمد فیصل،جنید احتشام،ماجد بھٹی،علی عامر،توصیف احمد،حاجی مظفر احمد،محمد عاطف ،ساجد زیدی،ریحان فرحان،محمد حفضہ،ریاض عباسی ودیگر شامل تھے اس موقع پر صاحبان تقریب ظہیر عباس ،محمد شفیع اور رشید افضل نے اپنے خطاب میں تقریب سجانے پر اپنے اساتذہ ساتھیوں بالخصوص انچارج ہیڈ ماسٹر عاطف قریشی کا شکریہ ادا کیا جبکہ دیگر مقررین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے تینوں اساتذہ کی تعلیمی خدمات کو سراہا تقریب کے اختتام پر پر تکلف عشائیے کا اہتمام بھی کیا گیا ۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عیدالاضحی کا مقدس اسلامی تہوار آج منایا جائے گا ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی قیادت میں ضلعی پولیس نے مویشی منڈیوں، عید بازاروں، شاپنگ سینٹرز، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور نماز عید کے کھلے اجتماعات کی مربوط سیکیورٹی، پولیس پکٹنگ اور پولیس پیٹرولنگ کیلئے عیدالاضحی سیکیورٹی پلان مرتب دے دیا ہے جس میں 1700 سے زائد پولیس افسران و جوان سیکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے ضلع حیدرآباد میں عیدالاضحٰی کی مناسبت سے شہر کے مختلف ایریاز میں مویشی منڈیوں کا انعقاد عیدالاضحی سے قبل از ہوچکا ہے جہاں پولیس کے بھاری تعداد میں افسران و جوان سیکیورٹی فرائض کی ادائیگی کر رہے ہیں ایس ایس پی حیدرآباد نے ہدایت جاری کی ہے کہ قربانی کے جانوروں کی منڈی جانے اور آنیوالے تمام مرکزیاور ذیلی راستوں سمیت اطراف کے علاقوں میں تھانوں کے لحاظ سے باقاعدگی سے گشت کی جائے گی مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے تحفظ کیلئے عارضی پولیس چوکیاں قائم کی گی ہیں جبکہ اس دوران کرائم کی روک تھام کیلئے تمام افسران و جوانوں کو ہائی الرٹ کردیا گیاہے ٹریفک پولیس گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے اقدامات اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائے گی تمام ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور متعلقہ افسران باقاعدگی سے انتظامات کی نگرانی ، پولیس پیٹرولنگ اور نفری کی تعیناتی یقینی بنائیں گے اس کے علاوہ ضلع کے 27 سے زائد اہم مقامات پر ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور آر آر ایف کی نفری تعینات کی گئی ہے جو ضلع کے داخلی و خارجی پوائنٹس پر سیکیورٹی انتظامات پر مامور ہوگی۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس طارق رزاق دھاریجو حیدرآباد رینج نے کہا ہے کہ ون اسٹاپ پروٹیکشن سینٹرز حکومت سندھ کا قابل تحسین اقدام ہے اس کے ذریعے تشدد کی شکار خواتین کو بروقت مدد فراہم کرکے زندگی کی جانب لایا جا سکتا ہے خواتین کو عزت و تکریم نہ دینے والے معاشرے اپنی شناخت کھو دیتے ہیں ون اسٹاپ پروٹیکشن حیدرآباد سینٹر کو سندھ بھر کیلئے ماڈل بنایا جائے گا وہ اپنے آفس میں او ایس پی سی کے ریفرل پارٹنرز کے تعارفی اور کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں اہم سرکاری محکموں کے افسران اوراو ایس پی سی کے نمائندگان و مختلف خدمات فراہم کرنے والی ایجنسیز کے فوکل پرسنز نے شرکت کی ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج نے ون اسٹاپ پروٹیکشن سینٹر کی فعالیت کیلئے تمام ریفرل پارٹنرز کے مابین مثالی تعاون پر زور دیا ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے سینٹرز کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے10خواتین پولیس افسران و اہلکاران کی نامزدگی کا اعلان کیا جوسینٹر میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گی، اے آئی جی پی شہلا قریشی نے صنفی بنیاد پر تشدد اور ہیومن رائٹس نے محکمہ پولیس کی مختلف کمیٹیوں کے کردار کے بارے میں مفصل و جامع رپورٹ پیش کی اور کہا کہ پہلے اور دوسرے مرحلے میں 12،12مراکز تعمیر کئے جائیں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں صوبے میں 7موجودہ خواتین پولیس اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن پر توجہ دی جائے گی ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین نے اجلاس کے شرکا کو اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے او ایس پی سی کے اقدام کو طویل المدتی پائیداری کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی ضروریات کے اخراجات یا ایک وقف بجٹ لائن کی فوری ضرورت کی تجویز پیش کی۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر عمران سہروردی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے ایام میں ضلعی انتظامیہ سمیت مفاد عامہ کے ادارے بلدیہ ،حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن ، کنٹونمنٹ بورڈ ،پولیس اور حیسکو کو ہنگامی بنیادوں پر صحت و صفائی، سیوریج سسٹم ،بجلی وگیس اور پینے کے پانی سمیت دیگر مسائل فوری حل کرکے عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں دوسری صورت میں غفلت برتنے والے اداروں کو عوامی غم و غصہ اور احتجاج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے وہ حیدرآباد شہر ، لطیف آباد، قاسم آباد اور ٹنڈو جام کے ذمہ داران سے ٹیلی فونک رابطے اورعید الااضحی کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں کے ہنگامی دورے کے دوران شہریوں سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پرشہریوں نے عیدالاضحی کے موقع پربھی انتظامیہ کی جانب سے مناسب اور مطلوبہ انتظامات نہ کئے جانے کی شکایت کی جس پر عمران سہروردی نے فوری متعلقہ افسران سے رابطہ کرکے شکایات کا ازالہ کیا اس موقع پر عمائدین ،علما مشائخ سمیت دیگر معززین شہر کو یقینی دلایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ، بلدیہ عظمی ،واسا، سولڈ ویسٹ ،سندھ پولیس، حیسکو، سوئی سدرن گیس کمپنی ،ریسکیو1122سمیت دیگر اداروں کے افسران سے رابطے اور ان سے اجلاس کئے جا رہے ہیں اور تمام اداروں نے بہتر انتظامات کی یقین دہانی کرائی ۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایس ایچ او تھانہ سخی پیر سید عبدالغفار شاہ نے عیدالاضحی کی آمد پر سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے گلشن لیاقت کالونی قائد آباد بازار کا دورہ کیا اور گلشن لیاقت کالونی قائد آباد بازار کے صدر محمد شاہد راجپوت ، نائب صدر رحیم شاہ ،جوائنٹ سیکرٹری آصف قریشی ،آفس سیکرٹری بلال قریشی، پریس سیکرٹری سید ذیشان کاظمی و دیگر ممبران نے ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے آمد پر شکریہ ادا کیا صدر محمد شاہد راجپوت و دیگر ممبران نے انہیں بازار کا مکمل دورہ کروایا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایچ او سید عبدالغفار شاہ نے کہاکہ تاجروں اور عوام کو ہر قسم کا تحفظ دینا پولیس کی اولین ترجیح ہے عیدالاضحی کے موقع پر تاجر اور عوام کی جان ومال سے کھیلنے والے جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا تاکہ تھانہ سخی پیر کی حدود میں امن وامان کی فضا کو یقینی بنایا جا سکے۔
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، اسسٹنٹ کمشنر تعلقہ لطیف آباد سعود لوند، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر شکیل میمن، پاک ا ٹلس کمپنی کے فہیم اعوان اور ٹائون میونسپل کمشنر شعیب ابڑو نے عید الاضحی کے موقع پر زبح کئے جانے والے جانوروں کی آلائشوں کے ڈمپنگ پوائنٹس کا دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے آلائشوں کو فوری طور پر جمع کرنے کے حوالے سے اہلکاروں کو واضح ہدایات جاری کیں اور آلائشوں کو اٹھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنانا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔