ڈیرہ غازیخان ( رانا فیصل سے) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ڈیرہ غازیخان میں تجاوزات کیخلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیرنگرانی اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان اور سی او ایم سی جواد الحسن گوندل نے میونسپل سٹاف اور بھاری مشینری کے ساتھ ٹریفک چوک،لیاقت بازار،گولائی کمیٹی،اندھے والی پل اور ملحقہ بلاکوں میں قائم کریٹیکل بازاروں میں بلا تفریق آپریشن کیا،انہوں نے بازاروں میں قائم تجاوزات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کرتے ہوئے ریڑھیاں اور پھٹے ضبط بھی کئے۔اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر اور ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کے احکامات پر شہر بھر میں تجاوزات کیخلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں،انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے قیام سے ہمارے بازار اور گلیاں سکٹر کر رہ گئی ہیں،ہم نے انجمن تاجران کی معاونت سے پہلے ہی دکانداروں کو ازخود تجاوزات ختم کرنیکا الٹی میٹم دیا تھا،اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ دکانوں کے آگے گاڑیاں اور ریڑھیاں کھڑی کرنا تجاوزات کے زمرے میں آتا ہے،ہم نے شہر کے ہربازاروں میں پارکنگ اور ریڑھیوں کیلئے جگہیں مختص کی ہیں،انہوں نے کہا پختہ تجاوزات کو ہیوی مشینری کی مدد سے مسمار بھی کیا جارہا ہے،تجاوزات قائم کرنے والوں کو موقع پر جرمانوں کے ساتھ انکا سامان بھی ضبط کیا جائے گا،اسسٹنٹ کمشنر نے تاجروں،دکانداروں اور ریڑھی بانوں سے کہا ہے کہ وہ حدود میں رہتے ہوئے قانون کی پاسداری کریں،ہم ہر بازار،بلاک اور گلی محلوں سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔