کراچی : ( رپورٹ : محمد حسین سومرو) ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے کار لفٹنگ میں ملوث بین الصوبائی گروہ کے اہم کارندے کو گرفتار کر لیا۔ یہ گروہ علی الصبح کراچی کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں چوری کر کے انہیں پنجاب منتقل کرتا تھا۔
*نیو ٹاؤن پولیس* نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم خالد حسین جٹ کو گرفتار کیا۔
گرفتار ملزم کی نشاندہی پر دو سرقہ شدہ گاڑیاں، ایک سوزوکی مہران اور ایک ٹویوٹا کرولا برآمد کر لی گئیں۔
دورانِ تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کا ساتھی گاڑیوں کو ماسٹر چابی کے ذریعے اسٹارٹ کرتا تھا اور تقریباً 20 سے 25 منٹ میں ٹریکر کو بھی غیر فعال کر دیتا تھا۔
ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ ان کا گروہ ہر ماہ کراچی کے مختلف علاقوں سے 25 سے 30 گاڑیاں چوری کرتا تھا۔
گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔