
نئے معاہدے سے صفائی ستھرائی کی مدمیں ضلع ملیرمیں 25 فیصد اور ضلع غربی اورکیماڑی میں 28 فیصدبچت ہوگی۔میئر کراچی
کراچی ( ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت تقریب میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اورچائنیزکمپنی ہینگزوکے درمیان معاہدہ پر دستخط کردئیے گئے،اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ سید امتیاز علی شاہ، کمپنی کے سی ای او مسٹر پینگ، و دیگر موجود تھے۔میئر کراچی نے اس موقع پر میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ سندھ حکومت بہت وقت سے کچرے سے توانائی بنانے، آر ڈی ایف اور دیگر منصوبوں پر کام کررہی ہے اور اس کے بہت مثبت نتائج حاصل ہورہے ہیں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بنانے کا مقصد بھی یہی تھا کہ شہریوں کو صفائی ستھرائی کی بہتر سہولیات کے ساتھ ساتھ کچرے کو کارآمد بنایا جا سکے۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا نظام دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اورایسے اقدامات کئے جا رہے ہیں جس سے اخراجات میں کمی کے ساتھ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے آج کی تقریب کا مقصد بھی یہی ہے، ہینگزوکمپنی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیرانتظام ضلع ملیر، کیماڑی، اور غربی میں صفائی ستھرائی کاکام کررہی ہے۔ان کے معاہدے کی مدت میں چند نئی شرائط کے ساتھ تین سال کی توسیع کی گئی ہے۔ جب کمپنی سے پہلے معاہدہ ہوا تھا اس وقت کمپنی کو ڈالر میں ادائیگی کی جاتی تھی۔ جبکہ آج کے معاہدے کے بعد کمپنی کو ڈالر کے بجائے پاکستانی روپے میں ادائیگی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈی سالڈ ویسٹ کی یہ کوشش قابل ستائس ہے جس سے نئے معاہدے سے صفائی ستھرائی کی مدمیں ضلع ملیرمیں 25 فیصد اور ضلع غربی اورکیماڑی28 فیصدبچت ہوگی۔نئے معاہدے کے مطابق صفائی ستھرائی کا کام اینڈ ٹو اینڈ سلوشن پر مبنی ہوگا،جس سے گھرسے کچرا لینڈ فل سائیٹ منتقل کیا جائے گا۔ معاہدے کے مطابق کمپنی اپنے ریسورسس اور عملے میں بھی اضافہ کرے گی اور گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے سوفیصد انتظامات یقینی بنائے گی۔ کمپنی اپنے وسائل کو بڑھاتے ہوئے ضلع ملیر سے 1602 ٹن، ضلع غربی سے 1606 ٹن، ضلع کیماڑی سے 1431 ٹن کچرا اٹھائے گی، اس کے لئے ضلع ملیر میں 506، ضلع غربی میں 491 ضلع کیماڑی میں 173 مشینری ودیگر ریسورسس کا اضافہ کیا جائے گا۔ جس سے کام زیادہ موثر اور بہتر انداز سے کیا جا سکے گا۔جبکہ مانیٹرنگ کا مربوط سسٹم بھی معاہدے میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں میڈیا کا تعاون بھی درکار رہے گا لوگوں کو آگاہی دیں کہ 1128 پر کچرے اور صفائی ستھرائی سے متعلق شکایات درج کرائیں۔ شہریوں کی شکایات کو ترجیحی بنیاد پر حل کیا جائے گا۔