(رپورٹ ای این آئی)شہریوں کو جعلی ای چالان ایس ایم ایس سے ہوشیار رہنے کی ہدایت
لاہور: سیف سٹی اتھارٹی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جعلی ای چالان ایس ایم ایس کے ذریعے فراڈ کرنے والے گروہ سرگرم ہیں۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق سیف سٹی اتھارٹی کبھی بھی کسی شہری سے ایس ایم ایس کے ذریعے بینک تفصیلات طلب نہیں کرتی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ای چالان سے متعلق اصل پیغام صرف پنجاب حکومت کے سرکاری نمبر 8070 سے بھیجا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی دوسرے نمبر سے آنے والا ای چالان میسج جعلی تصور کیا جائے۔
ترجمان کے مطابق جعلساز شہریوں کو جعلی لنکس پر کلک کروا کر ان سے رقم بٹورنے کی کوشش کرتے ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک ایس ایم ایس پر ادائیگی ہرگز نہ کریں۔
مزید کہا گیا کہ سیف سٹی اتھارٹی کی تمام سروسز شہریوں کے لیے بالکل مفت ہیں۔ کسی بھی مشکوک یا جعلی میسج کی صورت میں شہری فوری طور پر 15 یا ایف آئی اے سے رابطہ کریں۔ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔