ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) پولیس مقابلوں کے ماہر افسر، تھانہ صدر سانگلہ ہل کے ایس ایچ او کامران شہزاد ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او کامران شہزاد پولیس پارٹی کے ہمراہ چہور کوٹلی، چک نمبر 117 میں خطرناک ملزم مصور الطاف عرف سنی کو گرفتار کرنے کے لیے ریڈ کر رہے تھے کہ اسی دوران ملزم نے اپنے تین نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔فائرنگ کے نتیجے میں ایس ایچ او کامران شہزاد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو اسپتال سانگلہ ہل منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں الائیڈ اسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے ڈی پی او ننکانہ صاحب سید ندیم عباس نے زخمی افسر کی عیادت کی اور اس موقع پر کہا کہ پولیس فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سینہ سپر ہے، اور ان ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔