ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب ویژن کے تحت ضلع کے تمام شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں صفائی کا عمل بلاتفریق جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ضلع میں جاری صفائی مہم اور سی ایم انیشیٹوز پر عملدرآمد بارے اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، ضلع کونسل، لوکل گورنمنٹ ، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔لوکل گورنمنٹ، ضلع کونسل اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے صفائی ستھرائی بارے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی ایم انیشیٹوز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، ون ڈش ، میرج ایکٹ اور ٹائمنگ پر کمپرومائز نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا ضلع کے تمام شہر ، قصبے اور دیہات صاف نظر آئیں ، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی ٹیموں کی نگرانی کریں ، خود بھی اچانک دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لیتا رہوں گا ، اسسٹنٹ کمشنرز اپنی نگرانی میں تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں ، دوبارہ خلاف ورزی کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کے تلفی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں ، ہیلتھ ، لائیو سٹاک اور ضلع کونسل پر مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں ۔
