
منڈی بہاءالدین(: میاں شریف زاہد ، ) ضلعی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات اور اسلحہ برآمد
منڈی بہاوالدین میں پولیس نے ڈی پی او وسیم ریاض خان کی قیادت میں رواں ماہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کا قلع قمع کیا۔
پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر 74 کلوگرام سے زائد چرس، 520 گرام آئس 1020 گرام ہیروئن اور 252 لیٹر شراب برآمد کی اور متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کر لیے۔ ناجائز اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 54 پستول، 16 رائفلیں اور 6 کلاشنکوفیں برآمد کی گئیں، جبکہ 76 ملزمان کو حراست میں لے کر مقدمات درج کیے گئے۔
پولیس نے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کیں، جن میں کیٹگری “اے” کے 62 اور کیٹگری “بی” کے 64 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔ مزید برآں، 59 عدالتی مفروران کو بھی حراست میں لیا گیا۔
شہری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ:پولیس کے خدمت مراکز نے عوام کو سہولت فراہم کرتے ہوئے 1708 کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کرتے ہوئے 3450 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے چالان کیے گئے، 43 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ لائسنسنگ برانچ نے 3603 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے۔
ڈی پی او وسیم ریاض خان نے کہا کہ “ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ تھانوں کے عملے کو سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید اقدامات اور نتائج کے لیے ضلعی پولیس کی کوششیں جاری ہیں۔