منڈی بہاوالدین،(میاں شریف زاہد ) محتسب پنجاب کی کاوشوں سے صوبہ بھر سے 11551 کنال سرکاری زمین واگزار کروالی گئی، جس کی مجموعی مالیت 42 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ 18 سائلین کو زیر التواءواجبات کی ادائیگیاں بھی کروا دی گئیں۔ محتسب پنجاب نے سرکاری رقبے پر قبضہ اور گزرگاہوں کی بحالی کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہونے پر یہ کارروائی کی۔ محتسب پنجاب کی ہدایات کے مطابق متعلقہ صوبائی محکمہ جات نے فوری اقدامات کرتے ہوئے اس زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کروایا۔تفصیلات کے مطابق محتسب پنجاب کے دفتر میں شکایت کنندگان نے سرکاری زمین / گزرگاہوں پر نا جائز قبضہ سے متعلق شکایات درج کرائی تھیں۔ ان درخواستوں کے جواب میں محتسب پنجاب نے صوبائی محکمہ جات کو فوری کاروائی کا حکم دیا، جس کے نتیجہ میں42 کروڑ روپے سے زائد کی 11551 کنال قیمتی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروالی گئی۔علاوہ ازیں دفتر محتسب پنجاب کی موثر کارروائی کے نتیجہ میں صوبہ بھر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 2 درخواست گزاران کو ماہانہ مالی امداد کی مد میں 17 لاکھ 12 ہزار روپے، 3 درخواست گزاران کو ان کے زیر التواء واجبات ( ماہانہ گرانٹ اور میرج گرانٹ) کی مد میں 14 لاکھ 26 ہزار روپے جبکہ 13 درخواست گزاران کو زیر التوا تعلیمی وظائف کی مد میں 5 لاکھ 62 ہزار روپے کی ادائیگیاں کروا دی گئی ہیں۔ متاثرہ شکایت کنندگان نے دفترمحتسب پنجاب میں واجبات کی ادائیگیوں میں تاخیر کی شکایات کی تھیں۔درخواست گزاران نے بروقت انصاف اور شکایات کے فوری ازالے پر محتسب پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
