منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد )مفتی اعظم پاکستان حضرت علامہ مفتی پیر سید محمد جلال الدین شاہ مشہدی بانی درگاہ مقدسہ بھکھی شریف کے انتالیسویں سالانہ عرس مقدس اور حضرت علامہ پیر سید محمد مظہر قیوم شاہ مشہدی کے پندرہویں سالانہ عرس مقدس کی تقریب بھکھی شریف منڈی بہاؤالدین میں منعقد ہوئی،جس کی صدارت درگاہ مقدسہ بھکھی شریف کے سجادہ نشین مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سربراہ جماعت جلالیہ پاکستان و مہتمم دارالعلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن نے کی ، عرس میں میاں غلام رسول شرقپوری مجددی، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، صاحبزادہ عبد المصطفیٰ ہزاروی سمیت علماء و مشائخ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے مشائخ بھکھی شریف،سجادہ نشین مفتی پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی اور دار العلوم کی خدمات کو سراہا۔مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا صوفیاء کرام نے اپنے کردار سے اسلام کی تبلیغ کی، علمائے کرام اپنے عمل و کردار پر توجہ دیں ، تبلیغ دین کے لیے عملی کردار مؤثر ذریعہ ہے، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان نے کہا کہ عصر حاضر میں نسل نو کے کردار پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، صاحبزادہ محمد عبد المصطفیٰ ہزاروی ناظم اعلیٰ تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان نے کہا دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں، دار العلوم جلالیہ دینی مدارس میں ایک منفرد حیثیت رکھتا ہے، پروفیسر ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی پرنسپل جامعہ اسلام آباد نے کہا مشائخ بھکھی شریف نے قوم کو علماء و اسکالرز فراہم کیے جو دنیا بھر میں دین کی خدمت سر انجام دے رہے ہیں، دار العلوم جلالیہ ، جماعت جلالیہ پاکستان،جلالیہ ویلفیئر آرگنائزیشن،جلالیہ پبلی کیشنز اور جلالیہ انسٹیٹیوٹ کی خدمات قابل تحسین ہیں، مقررین نے قوم کو علماء کرام، مفتیان عظام اور حفاظ و قراء کا تحفہ دینے پر مفتی پیر سید محمد نوید الحسن مشہدی کو مبارک باد پیش کی، عرس مقدس کی تقریب میں علماء و مشائخ اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی، تقریب میں دار العلوم جلالیہ چیلیانوالہ اسٹیشن کے فارغ التحصیل علمائے کرام ،مفتیا ن عظام ، حفاظ و قاری حضرات کی دستار بندی و جبہ پوشی کی گئی جب کہ ایم فل اسکالرز کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی ، عرس مقدس کے اختتام پر الحاج مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین درگاہ مقدسہ بھکھی شریف نے خصوصی دعا فرمائی اور شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا۔
