ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ننکانہ صاحب کی تمام پبلک پارکس کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے تزئین و آرائش کا جائزہ لینے کے لیے شہر کی مختلف پبلک پارکس کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف، سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ، سی او میونسپل کمیٹی راو انوار سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ڈی سی کے ہمراہ تھے۔دوران وزٹ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب کی تمام پبلک پارکس کی بحالی اور خوبصورت بنانے کا عمل تیزی سے جاری ہے ، پبلک پارکس میں واکنگ ٹریک، پودے ، گھاس ، بینچیز سمیت بچوں کے لیے جھولے بھی لگائے جا رہے ہیں ، تمام پبلک پارکس شہریوں کو خوبصورت اور کشادہ ملیں گی۔انہوں نے بتایا کہ تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ ہل میں بھی پارکس کی بحالی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ہل پارک میں جوائے لینڈ اور چڑیا گھر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر شہریوں بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائیں گے۔