ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راﺅ کی زیرصدارت ضلع بھر کے سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے ، اساتذہ اور بچوں کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔سی او ایجوکیشن ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ، سمیت محکمہ تعلیم کے دیگر افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعلیم کے افسران اور ٹیچرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وقت کی پابندی سب سے اہم ہے، چھٹی برداشت کروں گا، غیر حاضری اور سکول دیر سے آنے پر کوئی معافی نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ معمار قوم ہیں ان کو وقت کی ہر صورت پابندی کرنا ہو گی اور اپنے سٹوڈنٹس کو وقت کا پابند بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں وسائل کی ترجیحی بنیادوں پر دستیابی یقینی بنائیں گے تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ سکے۔ڈپٹی کمشنر نے سی او ایجوکیشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کے اچانک دورے کریں ، دیر سے آنے والے اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کریں، دوبارہ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، اس معاملے میں کسی قسم کی سفارش قبول نہ کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ بچوں کو اوائل عمری میں حیات طیبہ کے مختلف پہلووں سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔ بچوں کی تربیت کے حوالے سے سکول ایک کردار ساز ادارہ ہوتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت بچوں کی ذہنی، فکری، اخلاقی تربیت کیلئے موثر حکمت عملی بنا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے سی او ایجوکیشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سکولوں کو سولرائزیشن پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کو تیز کیا جائے ، پہلے مرحلے میں ایسے سکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جائے جہاں پر سیکورٹی گارڈ رات کے وقت بھی ڈیوٹی پر موجود ہوں۔