نکانہ صاحب (بیورورپورٹ) سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی 03 روزہ تقریبات ننکانہ صاحب میں جاری ہیں ، 03 روزہ تقریبات کا آغاز اکھنڈ پات کی رسم سے کیا گیا۔تقریبات میں شرکت کے لیے اندرون و بیرون ممالک سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ترجمان ضلعی کے مطابق ہمسایہ ملک سے تقریبا تین ہزار سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ گئے ہیں ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جا رہا ہے۔ننکانہ صاحب آنے والے سکھ مہمانوں نے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کے لیے رہائش، خوراک ، ٹرانسپورٹ، سیکیورٹی اور میڈیکل سمیت دیگر بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کے دوران پاکستان کی تعمیر و ترقی ، سلامتی اور دنیا بھر میں امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کر رہے ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام سکھ یاتریوں کے لیے صوفی نائٹ کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا۔بابا گورونانک کے جنم دن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بابا گورونانک نے ہمیشہ امن ، محبت اور آتشی کا درس دیا ، ننکانہ صاحب کے باسیوں نے ہمیشہ مذہبی رواداری کی مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ اہلیان ننکانہ نے سکھ یاتریوں کو اپنے گھر کے فرد سمجھ کر مثالی استقبال کیا۔سکھ یاتریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے ، جو پاکستانی قوم نے عزت دی ان کے انتہائی مشکور ہیں ، پاکستان پر امن ملک ہے ، پاکستانیوں نے ہمارے دل جیت لیے۔سکھ یاتریوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والی سکھ قوم پاکستان کی دھرتی پر ضرور آئے ، پاکستانی قوم سکھ قوم سے محبت کرتی ہے۔بابا جی کے جنم دن کے موقع پر بہترین انتظامات کرنے پر حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے مشکور ہیں۔ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ آج 15نومبر کو گورودوارہ جنم استھان سے گوروگرنتھ کا عظیم الشان جلوس نکالا جائے گا بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کا اختتام 15 نومبر کی رات بھوگ کی رسم سے ہو گا۔تقریب کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔