کرا چی ( 12 نومبر 2024): ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، سنگا پور میں منعقدہ 38ویں CACCI کانفرنس میں کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر برا ئے سال 2024 تا 2026 منتخب ہوگئے ہیں۔ مزید برآں، انہیں CACCI کے بجٹ کمیشن کا سربراہ بھی مقرر کیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ CACCI 27 ممالک پر مشتمل دنیا کے سب سے بااثر تجارتی اتحادوں میں سے ایک ہے۔ عاطف اکرام شیخ نے آگاہ کیا کہ اس موقع پر پاکستان کو ایک بڑی کامیابی یہ حاصل ہوئی ہے کہ ان کی دعوت پر دسمبر 2025میں CACCI کانفرنس پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے بااثر ترین کا روباری رہنماؤں میں اپنا نام بنا لیا ہے اور یہ تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی سفارتکاری اور روابط کے حوالے سے پاکستان کی قومی کامیابی ہے۔ صدر ایف پی سی سی آئی اور نائب صدر CACCI عاطف اکرام شیخ نے CACCI کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان کثیر الجہتی تجارتی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے اور پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے کے حکومتی وژن کی حمایت کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔صدر ایف پی سی سی آئی اور نائب صدر کاسی عاطف اکرام شیخ نے وضاحت کی کہCACCI کے رکن ممالک کی مجموعی جی ڈی پی کھربوں ڈالر میں ہو چکی ہے اور اس لیے CACCI اقتصادی تعاون کے تمام پہلوؤں میں پاکستان کے لیے بہت اہم ہے؛جیسا کہ تجارت، سرمایہ کاری،چوائنٹ وینچرز، سیاحت، B2B روابط، چیمبر ٹو چیمبر تعاون اور رکن ممالک کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی تعاون شامل ہیں۔ عاطف اکرام شیخ نے ”تجارت کا مستقبل: ڈیجیٹلائزیشن، ای کامرس اور سرحد پار تعاون” پر ایشیا پیسیفک اکنامک فورم کے سیشن میں بطور پینلسٹ شرکت کی۔ اس سیشن کا اہتمام سنگاپور مینوفیکچرنگ فیڈریشن نے کیا تھا؛جس میں کنفیڈریشن آف ایشیا – پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (CACCI) کا تعاون بھی شامل تھا اور یہ 38ویں CACCI کانفرنس 2024 کے دوران منعقد ہوا۔ صدر ایف پی سی سی آئی اور نائب صدر کاسی عاطف اکرام شیخ نے تجارت کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کی ای کامرس کی ترقی اور ابھرتی ہوئی ای کامرس انڈسٹری اور اس کی صلاحیت کو اجا گر کیا۔ انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کی اہمیت پر بھی بات کی۔انہو ں نے تمام ممالک میں کاروباری برادریوں اور نجی شعبوں کے درمیان دو طرفہ اور کثیر جہتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ عاطف اکرام شیخ نے کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین پر زور دیا کہ وہ ابھرتی ہوئی اور غیر استعمال شدہ کثیر الجہتی تجارتی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایشیا پیسیفک اور جنوبی ایشیا کے درمیان ایک مضبوط جیو اکنامک اتحاد قائم کریں۔