کراچی (ای این آئی) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر کو سنگاپور میں کنفیڈریشن آف ایشیا پیسیفک چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (سی اے سی سی آئی) کا نائب صدر منتخب ہونے اور ساتھ ہی بجٹ کمیشن کا سربراہ مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ سی اے سی سی آئی 27 ممالک کی ایک طاقتور تجارتی تنظیم ہے جس کی قیادت ملنا پاکستان کیلئے اعزاز اور صدر فیڈریشن کیلئے اہم منصب ہے۔شیخ عمر ریحان نے کہا کہ عاطف اکرام شیخ نے عہدہ سنبھالتے ہی سی اے سی سی آئی کی دسمبر 2025 میں ہونے والی آئندہ کانفرنس پاکستان میں منعقد کرنے کی متفقہ منظوری حاصل کرلی جو ایک اہم کامیابی ہے جس سے ایشیا پیسفک ممالک کے وفود پاکستان آئیں گے جو اہم تجارتی اور سفارتی موقع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ پلیٹ فارم تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی اور سفارتکاری کے تعلقات قائم کرنے میں معاون ثابت ہوگا، جس سے تجارت کو فروغ، نئی منڈیوں تک رسائی اور ان رکن ممالک کی مجموعی کھربوں ڈالر کی جی ڈی پی سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گا۔چیئرمین پی وی ایم اے نے کہا کہ حکومت سی اے سی سی آئی کے اقتصادی تعاون کیلئے سرمایہ کاری، جوائنٹ وینچرز، سیاحت، بی ٹو بی، چیمبرز ٹو چیمبرز روابط اور تعاون کے فروغ کیلئے سہولیات فراہم کرے تاکہ ایشیا پیسفک ممالک سے تجارت کو فروغ دے کر پاکستان خطہ میں اپنا مقام بہتر کر سکے اور معاشی طور پر مستحکم ہو۔انہوں نے امید ظاہر کی یہ حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایف پی سی سی آئی اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سی اے سی سی آئی کی آئندہ کانفرنس کیلئے بھرپور تیاری کرے۔