منڈی بہاوالدین،(میاں شریف زاہد ) چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ برائے ایلوایشن، فیڈ بیک، انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر)بابر علاوالدین نے ضلع منڈی بہاءالدین کا دورہ کیا۔ انہوںنے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی اور میڈیا نمائندگان سے پریس ٹالک کی ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ڈپٹی کمشنر آفس میں چیئرپرسن بریگیڈیئر (ر)بابر علاوالدین کو ضلعی محکموں کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لیفٹیننٹ (ر) محمد احمد ظہیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ چیئرپرسن بریگیڈیئر (ر) بابر علاوالدین کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور گورننس کے نظام کو مزید موثر بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ادارے حکومت پنجاب کے وضع کردہ کے پی آئیز (KPI’s) پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ضلعی سربراہان اپنی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم، محکمہ صحت اور میونسپل ادارے شہریوں کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔عوامی شکایات کے فوری ازالے اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ تمام انتظامی افسران سرکاری محکموں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں اور باقاعدگی سے ہیلتھ مراکز اور سکولز کے دورے کریں۔ ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام کی کوالٹی اور رفتار میں کوئی کمی نہ ہونے دی جائے۔ میونسپل کمیٹیز شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی یقینی بنائیں۔ بریگیڈیئر بابر علاوالدین نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس باقاعدگی سے مارکیٹس کے دورے کریں اور سبزی و فروٹ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی مسلسل نگرانی کریں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری محکموں میں سیاسی مداخلت کا رواج ختم کر دیا ہے۔ محکموں کے ٹھیکوں میں ای ٹینڈرنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیئرپرسن بریگیڈئیر (ر)بابر علاوالدین کا کہنا تھا کہ عوام الناس غیر قانونی ہاﺅسنگ سوسائٹیز میں پلاٹ خریدنے سے اجتناب کریں۔ چیئرپرسن بریگیڈئیر (ر) بابر علاوالدین نے بتایا کہ صوبہ بھر میں موجود ٹی ایچ کیوز، بی ایچ یوز اور رورل ہیلتھ سنٹرز کی ری ویمپنگ کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے اور ایک سال میں تمام ہیلتھ مراکز کی ری ویمپنگ کا کام مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مذید بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کلینکس آن وہیلز کے ذریعے مریضوں کو گھر گھر مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔