ڈیرہ غازی خان (رانا فیصل سے)ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے صوبائی سرحدی علاقوں اور چیک پوسٹوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا سے ملحقہ علاقوں کی چیک پوسٹوں لاکھانی،مور جھنگی،بلوچستان اور سندھ کے صوبائی سرحدی مقامات اور چیک پوسٹوں پر تعینات جوانوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔اس حوالے سے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلیجنس کمیٹی کا رات گئے اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان ،ڈپٹی کمشنرز ،ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔اجلاس میں گزشتہ رات لاکھانی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے والی سیکیورٹی فورسز کی جوانمردی کی تعریف کی گئی۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے حملہ کو ناکام بنایا۔
آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ پنجاب پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ ہے۔عوام کی جان و مال اور حساس تنصیبات کی حفاظت کےلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔