ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ) امن کو فروغ دینا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے ، مذہبی عبادت گاہوں میں سیکورٹی ، صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، امن و امان کی فضا قائم رکھنے کے لیے تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،تمام ادارے جنم دن کی تقریبات کے دوران پر امن ماحول قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ان خیالات کا اظہار بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذولفقار علی ، ممبران امن کمیٹی سمیت تمام متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر امن کمیٹی کے ممبران نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں اورملک میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے کی یقینی دہانی کروائی۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راو نے امن کمیٹی کے ممبران کو بتایا کہ محکمہ پولیس ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس ، ہیلتھ و دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ، جامع ٹریفک پلان کے تحت شہر میں ٹریفک کے بہاو کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔