ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت کتا مار مہم کا جائزہ اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رائے ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ وجیہہ ثمرین، سی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد طلحہ شیروانی، سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک سمیت سی او میونسپل کمیٹیز کے افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں اور مہم میں تیزی لا کر لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے ، آوارہ کتوں کی تلفی کے لیے ہیلتھ ، ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیز کے ملازمین پر مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو کہ شہروں، قصبوں اوردیہاتوں میں آوارہ کتوں کی تلفی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا ضلع کے کسی بھی علاقے میں آوارہ کتا نظر آیا تو متعلقہ افسر ذمہ دار ہو گا۔ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ ضلع کی تمام پبلک پارکس اور گردونواح میں آوارہ کتوں کو پہلے تلف ہونا چاہیے ، افسران و ملازمین ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ، ٹیموں کی نگرانی کے لیے افسران خود فیلڈ میں جائیں اور مہم کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ آوارہ کتوں کی تلفی کا مقصد شہریوں کو آوارہ کتوں کے کاٹنے سے بچانا ہے۔انہوں نے عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری اپنے پالتو کتوں کو باندھ لیں ان کو آوارہ نہ چھوڑیں تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
