
منڈی بہاوالدین،( میاں شریف زاہد )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)شیخ محمد اقبال کی مہنگے داموں کھاد فروخت کرنے والے ڈیلر کے خلاف کاروائی،ڈیلر کو گرفتار کروا کر دکان کو سیل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)شیخ محمد اقبال کو کسانوں کی جانب سے شکایت موصول ہوئی کہ گوجرہ میں ڈیلر کی جانب سے کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے متعلقہ کھاد کی بجائے سستی کھاد دی جا رہی ہے ۔ جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈیلر کو گرفتار کروا کر دکان کو سیل کر دیا اور تھانہ گوجرہ میں مقدمہ درج کرانے کیلئے استغاثہ بھی جمع کروا دیا جبکہ ڈیلر کا موقع پر ہی ڈی جی کھاتہ اکاﺅنٹ بھی بند کر دیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)شیخ محمد اقبال کا کہنا تھا کہ کسان کارڈ وزیراعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ منصوبہ ہے اور کسی اکاﺅنٹ ہولڈر ڈیلر کو کسانوں کو لوٹنے کی ہر گز اجازت نہ دی جائے گی ۔ انہوںنے اکاﺅنٹ ڈیلر حضرات کو خبردار کیا کہ وہ حکومتی نوٹیفائیڈ ریٹس پر کھاد فروخت کریں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) نے کسانوں سے اپیل کی کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں محکمہ زراعت کے دفتر سے رجوع کریں۔