
منڈی بہاوالدین،( میاں شریف زاہد ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی فلاح و بہبود اور ضلعی بحالی و تربیتی کمیٹی برائے خصوصی افراد کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ، سی ای او ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، سمیت دیگر متعلقہ افسران اور خصوصی افراد کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں خصوصی افراد کی بحالی کے لیے مالی امداد، گورنمنٹ ٹیکنیکل اداروں میں داخلے ، عطیات کی تقسیم، گورنمنٹ و پرائیویٹ اداروں میں ملازمت ، ہمت کارڈ و دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم فرد ہیں جنہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔حکومت پنجاب معذور افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے محکمہ سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ وہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔ اجلاس میں معذور افراد کے نمائندگان نے در پیش مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا، جس پر انہوں نے جائز مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔