ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن اور سیکرٹری لائیوسٹاک کی ہدایات پر ضلع ننکانہ صاحب میں بھی کسان لائیو اسٹاک کارڈ سکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔اس منصوبے کے تحت جانوروں کو فربہ کرنے اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے حکومت پنجاب کی طرف سے مویشی پال بھائیوں کو آسان قرضہ جات فراہم کئے جائیں گے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ننکانہ ڈاکٹر خورشید عالم نے کسان لائیو اسٹاک بیٹھک میں کسانوں کو آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے لائیواسٹاک کارڈ کے اجراءکیلئے رجسٹریشن کا عمل 5 نومبر سے شروع ہو گیا ہے،اس کارڈ کا مقصد مویشی پال کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی معیشت کو مزید استحکام دینا ہے،لائیو اسٹاک کارڈ کے ذریعے کسانوں کو مالی معاونت،مویشیوں کی صحت و خوراک کے لیے سبسڈی اور دیگر مراعات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام سے مویشی پال حضرات اپنے مویشیوں کی دیکھ بھال بہتر طریقے سے کر سکیں گے جس سے پیداوار میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت پر بہتر اثرات مرتب ہوں گے۔ ڈاکٹر خورشید عالم نے کہا کہ رجسٹریشن کا طریقہ کار نہایت آسان ہے،مویشی پال حضرات کو صرف اپنے موبائل سے پی ایل سی ٹائپ کر کے اپنا شناختی نمبر 8070 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد لائیوسٹاک کارڈ کا فراہم کیا جائے گا جس کے ذریعے وہ مختلف سرکاری مراعات اور سکیموں سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کا یہ اقدام کسانوں کے لیے ایک بڑا موقع ہے کہ وہ اپنے مویشیوں کی بہتر دیکھ بھال اور ترقی کیلئے مدد حاصل کریں، درخواست کے لیے 5سے 10 نر جانور رکھنے والے افراد درخواست کے اہل ہیں،فی جانور 27ہزار روپے بلا سود قرضہ فراہم کیا جائے گااس قرضہ کی سب سے خوبصورت بات یہ ہے کہ اس پر کوئی شرح سود لاگو نہیں ہے۔ انہوں نے تمام مویشی پال حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اس پروگرام میں بھرپور شرکت کریں اور بروقت رجسٹریشن کروا کر اس سہولت سے مستفید ہوں۔اس منصوبہ کے حوالے سے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے۔دیہی اور چھوٹے بڑے تمام شہری علاقوں میں کسان لائیو سٹاک بیٹھک، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز اور سکول فوکس پروگرام جیسی آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے ہر خاص و عام تک اس منصوبے کے متعلق معلومات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ منصوبہ کے حوالے سے تمام ہسپتالوں میں معلوماتی بینرز بھی آویزاں ہیں اور سہولت ڈیسک بھی مصروفِ عمل ہیں۔ڈاکٹر خورشید عالم نے مزید بتایا کہ قرض کے اجرا کی اہلیت کو جانچنے کے لیے خود کار نظام کے تحت مویشی پال بھائیوں کے جملہ کوائف کی تصدیق کی جائے گی اور اس کے بعد انہیں کسان لائیوسٹاک کارڈ جاری کر دیا جائے گا۔ اس رقم سے مویشی پال حضرات اپنے مویشیوں کے لیے کھل،ونڈا، سائیلج، منرل مکسچر اور ادویات وغیرہ حاصل کر سکتے ہیں تاکہ ان کے جانور زیادہ سے زیادہ زیادہ وزن بڑھائیں اور مارکیٹ میں ان جانوروں کی اچھی قیمت وصول حاصل کی جا سکے۔