ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب پوری قوت کے ساتھ کوشاں ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل اور ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان کے ہمراہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کا دورہ کیا۔ممبران اسمبلی نے شہر کی پبلک پارکس پر جاری بیوٹیفکیشن کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ممبران اسمبلی نے شہر کو خوبصورت، کلین اینڈ گرین بنانے کے حوالے ڈپٹی کمشنر ننکانہ محمد تسلیم اختر راو اور انکی ٹیم کی تعریف کی۔اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان کھرل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہترین اور سازگار ماحول کی فراہمی موجودہ حکومت کا مشن ہے، وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ممبر صوبائی اسمبلی آغا علی حیدر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے ضلع ننکانہ کی تمام شاہرات سمیت چوکوں اور چوراہوں کو بھی خوبصورت طریقے سے سجایا گیا ہے جس سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔وزیر اعلی پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ضلع کے تمام شہروں کو خوبصورت بنانے کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ ننکانہ صاحب کو پنجاب کا خوبصورت شہر بنانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔