ننکانہ صاحب (بیورورپورٹ) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع ننکانہ کو خوبصورت اور زیرویسٹ بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو نے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر جاری بیوٹیفکیشن کا جائزہ لینے کے لیے ننکانہ موٹروے انٹرچینج سمیت دیگر شاہراہوں کا دورہ کیا۔سی او ضلع کونسل عامر اختر بٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حماد یوسف ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ، محکمہ ہائی وے کے افسران بھی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ویلکم گیٹ ، شجرکاری سمیت دیگر جاری بیوٹیفکیشن کے اقدامات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شہرینہ غلام مرتضی جونیجو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پودوں کی نگہداشت متعلقہ اداروں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ، پودوں کی پرورش ہم سب کی ذمہ داری ہے آج لگائے جانے والے پودے درخت بن کر آنے والی نسلوں کو آکسیجن مہیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی تمام پبلک پارکس کی بحالی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں ، ضلع کے باسیوں کو بہترین ماحول اور سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کی سربراہی میں شہر کے داخلی خارجی راستوں اور چوکوں چوراہوں کو خوبصورت بنانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں ، ضلع ننکانہ کو پنجاب کا خوبصورت شہر بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع ننکانہ کو زیرویسٹ بنانے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔