ننکانہ صاحب( بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راﺅ کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے تمام ادارے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شاہکوٹ میں ذہنی مریضہ کے ہاں بچے کی پیدائش اور گھر والوں کی تلاش کا معمہ حل کر لیا ہے۔28 دسمبر 2024 کو ریسکیو 1122 کے عملے کی جانب سے روڈسے نامعلوم ذہنی مریضہ کو تحصیل ہسپتال شاہکوٹ شفٹ کیا گیا تھا ، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں نامعلوم ذہنی مریضہ خاتون نے 02 جڑواں بچوں کو جنم دیا ، ایک بچے کی پیدائش مردہ حالت میں ہوئی ، جبکہ دوسرے بچے کو بہترین طبی امداد کے بعد بچا لیا گیا ، ہسپتال انتظامیہ نے سٹی پولیس شاہکوٹ کو مردہ بچے اور لاوارث خاتون بارے فوری مطلع کیا ، سٹی پولیس اور ایم سی شاہکوٹ کے عملہ نے بچے کو جنازے اور ضروری کاراوئی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق سٹی پولیس نے دن رات محنت کرکے 05 روز بعد انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے ذہنی مریضہ کے لواحقین کا سراغ لگایا اور ذہنی مریضہ خاتون کو ضروری کاروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے ، تاہم لواحقین نے بچہ لینے سے انکار کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے تمام ضابطہ اخلاق مکمل کرنے کے بعد بچے کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا ہے۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے خاتون مریضہ کے لواحقین کا سراغ لگایا گیا ہے ، اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ ، طبی عملہ ، سٹی پولیس و دیگر ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذہنی مریضہ اور بچے کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے پر ڈاکٹرز، نرسز و دیگر عملہ شاباش کے مستحق ہیں۔خاتون مریضہ کے لواحقین بیٹی کی حوالگی پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کا شکریہ ادا کیا ہے۔